گلگت بلتستان میں پائیدار سیاحت، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ماحولیاتی بقا کے فروغ کے لیے محکمہ سیاحت، کھیل و ثقافت، کے زیر اہتمام کانفرنس بعنوان چوٹیاں اور راستے منعقد کیا گیا

گلگت بلتستان میں پائیدار سیاحت، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ماحولیاتی بقا کے فروغ کے لیے محکمہ سیاحت، کھیل و ثقافت، کے زیر اہتمام کانفرنس بعنوان Peaks and Pathways منعقد کیا گیا۔ جس میں حکومت اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں وزیر سیاحت وثقافت غلام محمد، وزیر منصوبہ بندی راجہ ناصر علی خان، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ ،سیکریٹری ٹوریزم ضمیر عباس و دیگر موجود تھے،
کانفرنس کا بنیادی مقصد گلگت بلتستان میں سیاحت کو درپیش چیلنجز پر غور کرنا اور پائیدار ترقی کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی وضع کرنا تھا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ایسی منصوبہ بندی ضروری ہے جو نہ صرف علاقے کے قدرتی حسن کو محفوظ رکھے بلکہ مقامی کمیونٹی کو بھی اس عمل میں شامل کرے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سیاحت و ثقافت و قانون غلام محمد نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی مناظر عالمی سطح پر ایک قیمتی اثاثے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے قوانین تو موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مقامی برادری اور فلاحی اداروں کی مدد سے ماحول کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات راجہ ناصر علی خان نے کہا کہ حکومت سیاحتی انفراسٹرکچر کی بہتری پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے ایسے پروگرامز کی اہمیت پر زور دیا جو پالیسی سازی میں مدد فراہم کریں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، تاہم، اس ترقی کو قدرتی ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر ممکن بنانا ہوگا۔ انہوں نے بجلی کی پیداوار میں اضافے کو ایک اہم ترجیح قرار دیا تاکہ سیاحتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔کانفرنس سے خطاب میں سیکریٹری سیاحت و کھیل ثقافت ضمیر عباس نے کہا کہ گلگت بلتستان کی خوبصورتی دنیا بھر میں معروف ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محض سیاحت کے فروغ کے بجائے اب تحفظ اور ذمہ دار سیاحت کو ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک ایسا ماڈل اپنانا ہوگا جو ثقافت کو جدیدیت کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے پائیدار ترقی کی راہ ہموار کرے کانفرنس میں DTS کی سروسز کو خودکار بنانے کے لیے ایک ٹیسٹ رن پیش کیا گیا اور گلگت بلتستان کی خوبصورتی پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔
کانفرنس کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ Peaks and Pathways جیسے اقدامات گلگت بلتستان کو نہ صرف ایک محفوظ اور پائیدار سیاحتی مرکز بنائیں گے بلکہ یہ ملک کے دیگر حصوں کے لیے بھی ایک مثال ثابت ہوگا۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔

Comments are closed.