مذاکرت کامیاب آئی ایم ایف سے قرض کیلئے معاہدہ ہوگیا

۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان 7 ارب ڈالرز سے زائد کے قرض پروگرام کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا، ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی، حکام نے آئی ایم ایف کو قرض پروگرام پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرادی۔آئی ایم ایف نے بدھ کو اعلان کیا کہ پاکستان کے ساتھ قرض پروگراموں پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔

اگر منظوری مل گئی تو آئی ایم ایف، پاکستان کو ایک ارب ڈالر اپنی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف)کے تحت اور 20 کروڑ ڈالر اپنی لچک اور پائیداری سہولت (آر ایس ایف)کے تحت فراہم کریگا جس سے ان دونوں پروگراموں کے تحت مجموعی ادائیگیاں تقریبا 3.3 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ آئی ایم ایف کے بیان میں مشن کی سربراہ ایوا پیٹرووا نے کہا کہ اسٹاف لیول کا معاہدہ ابھی بھی آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔انہوں نے کہا کہ ای ایف ایف کی معاونت سے پاکستان کا اقتصادی پروگرام معاشی استحکام کو مضبوط کر رہا ہے اور منڈی کے اعتماد کو بحال کر رہا ہے۔ایوا پیٹرووا کے مطابق پاکستان کی معاشی بحالی درست سمت میں گامزن ہے، مالی سال 25-2024 میں جاری کھاتوں کا توازن 14 سال بعد پہلی بار سرپلس (فاضل)رہا، مالیاتی خسارہ پروگرام کے ہدف سے بہتر رہا، مہنگائی قابو میں ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے اور مالیاتی حالات بہتر ہو رہے ہیں کیونکہ خود مختار بانڈز کے اسپریڈ میں نمایاں کمی آئی ہے۔

حالیہ سیلاب نے معیشت کے منظرنامے خاص طور پر زرعی شعبے پر منفی اثر ڈالا ہے، جس کے نتیجے میں مالی سال 26-2025 کے لیے مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی)کا تخمینہ کم ہو کر تقریبا 3.25 سے 3.5 فیصد رہ گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ سیلاب اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ پاکستان قدرتی آفات اور ماحولیاتی خطرات کے لحاظ سے نہایت کمزور ہے اور اس کے لیے موسمیاتی لچک پیدا کرنے کی مستقل ضرورت ہے۔ایوا پیٹرووا نے سیلاب سے متاثرہ افراد سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فنڈ پاکستانی حکام، نجی شعبے اور ترقیاتی شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے مذاکرات کے دوران بھرپور تعاون اور میزبانی کی۔انہوں نے کہا کہ حکام نے ای ایف ایف اور آر ایس ایف کے تحت جاری پروگراموں کے تسلسل اور مضبوط مالیاتی نظم کے ساتھ ساختی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے،ان کے مطابق پاکستانی حکام مالی سال 26-2025 کے لیے مجموعی ملکی پیداوار کے 1.6 فیصد کے بنیادی سرپلس کے ہدف پر قائم ہیں، جسے محصولات میں اضافے اور ٹیکس نظام کی موثر عملداری کے ذریعے حاصل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اگر محصولات میں کمی کے باعث پروگرام کے اہداف کو خطرہ لاحق ہوا تو حکام بروقت اقدامات کے لیے تیار ہیں۔ایوا پیٹرووا نے کہا کہ حکام متاثرہ صوبوں میں سیلاب زدگان کے لیے فوری امدادی اقدامات کر رہے ہیں اور وفاقی و صوبائی بجٹ میں ازسرنو مختص رقم کے ذریعے ریلیف فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سماجی تحفظ ای ایف ایف پروگرام کا ایک بنیادی ستون ہے اور حکام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کی مالی وسعت، دائرہ کار اور انتظامی صلاحیت کو بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں۔

وفاقی اور صوبائی سطح پر بی آئی ایس پی سے ہٹ کر صحت اور تعلیم کے اخراجات میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ شمولیتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور کمزور طبقات کا تحفظ کیا جا سکے۔ایوا پیٹرووا نے کہا کہ محصولات میں اضافے، وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی بوجھ کی منصفانہ تقسیم اور عوامی مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ چونکہ محصولات میں صوبوں کا کردار اہم ہے، اس لیے وفاقی حکومت صوبائی حکام کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت کرے گی۔ان کے مطابق ٹیکس پالیسی کے ڈیزائن کو بہتر بنانے میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے، نیا ٹیکس پالیسی دفتر قائم کر دیا گیا ہے جو درمیانی مدت میں اصلاحات کی قیادت کرے گا، تاکہ ٹیکس نظام کو سادہ بنایا جائے اور عارضی اقدامات پر انحصار کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان محتاط مالیاتی پالیسی جاری رکھے گا جو آنے والے معاشی اعداد و شمار، حالیہ سیلاب کے اثرات اور معاشی بحالی کے رجحان کو مدنظر رکھے گی تاکہ مہنگائی 5 سے 7 فیصد کے ہدف کے اندر برقرار رہے

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.