۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی) پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی،ٹی ایل پی پر انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت پابندی لگانے کی منظوری دی گئی، حتمی فیصلے کے لیے ریفرنس سپریم کورٹ بھیجا جائے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کے ایجنڈے میں ٹی ایل پی پر پابندی لگانے کی سمری شامل تھی۔
وفاقی کابینہ نے سمری کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ٹی ایل پی پر انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997کی سیکشن11B(1)کے اختیارات کے تحت پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی آرٹیکل کے مطابق وفاقی حکومت اس اعلان کے پندرہ دنوں کے اندر معاملہ سپریم کورٹ کو بھیجے گی، جس کا فیصلہ حتمی ہوگا۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے ٹی ایل پی پر پابندی لگانے کی سفارش وفاقی حکومت کو بھجوا رکھی تھی۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں 2021 بھی ٹی ایل پی پابندی لگائی گئی تھی، بعدازاں 7 ماہ کے بعد پی ٹی آئی حکومت نے ٹی ایل پی پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
یاد رہے کہ ٹی ایل پی نے اپنے احتجاج کو غزہ سے اظہارِ یکجہتی مارچ قرار دیا تھا اور اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ اسلام آباد پہنچ کر امریکی سفارتخانے کے باہر احتجاج کرے گی، تاہم 13 اکتوبر کو علی الصبح ایک بڑے کریک ڈاؤن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مذہبی جماعت کا احتجاجی کیمپ ختم کرنے کے لیے آپریشن شروع کیا تھا، جس سے جھڑپیں، افراتفری اور بڑے پیمانے پر گرفتاریاں ہوئی تھیں