۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔ہانگ کانگ سکسز کے فائنل میں پاکستان نے کویت کو 43 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا،پاکستان نے مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے،ہدف کے تعاقب میں کویت کی ٹیم 92 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، محمد عباس مین آف دی میچ قرار پائے۔
کویت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو پاکستان نے مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔کپتان عباس آفریدی 52 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے،عبدالصمد 42، خواجہ نافع 22 اور شاہد عزیز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔معاذ صداقت 10 اور محمد شہزاد 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ہدف کے تعاقب میں کویت کی ٹیم 92 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، میت بھاؤسار 33 اور عدنان ادریس 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے 3 جبکہ محمد شہزاد، عباس آفریدی اور عبدالصمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سیاست سے دوررہناچاہتاہوں ذہین بنالیا،شاہد آفریدی
۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں نے اپنا ذہن تبدیل کرلیا ہے، میں سیاست سے دور رہنا چاہتا ہوں۔سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں تقریب کے دوران شاہد آفریدی نے ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب میں بہت اچھا کام کر رہی ہیں، جو لوگ کہتے ہیں کہ وہ ٹک ٹاک ویڈیوز کیلئے کام کر رہی ہیں تو کم از کم وہ کام تو کر رہی ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ جو اچھا کام کر رہا ہو اس کے بارے میں بولنا چاہیے۔
سیاست میں انٹری کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میرے لیے دعا کیجیے گا کہ میں سیاست سے ہمیشہ دور رہوں، کیونکہ میرے پاس ایک ہی پارٹی تھی جہاں مجھے جانا تھالیکن 2019 یا 2020 میں ذہن تبدیل کیا اور فیصلہ کیا کہ نہیں یہ میرے بس کی بات نہیں ہے میں سیاست نہیں کرسکتا