۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت عظمیٰ کے عہدہ کیلئے مجوزہ استثنیٰ کی ترمیم واپس لے لی گئی، پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر انوشہ رحمن اور طاہر خلیل سندھو نے وزیراعظم کو استثنیٰ دینے کی تجویز جمع کرائی تھی۔اتوار کو پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری پارلیمان کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں وزارت عظمیٰ کے عہدہ کے لیے مجوزہ استثنیٰ کی ترمیم واپس لے لی گئی۔
سینیٹر انوشہ رحمن نے وزیر اعظم کی ہدایت پر مجوزہ استثنیٰ کی تجویز واپس لی جبکہ چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک نے ترمیم واپس لینے کو سراہا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کو استثنیٰ کی ترمیم سینیٹر انوشہ رحمٰن اور طاہر خلیل سندھو نے جمع کروائی تھی۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نے استثنی کی ترمیم واپس لینے کی ہدایت کی، دیگر عہدوں کو جو استثنیٰ دیا جارہا ہے ان میں انتظامی نوعیت نہیں ہے، ابھی 80 سے 85 فیصد ترامیم پر مشاورت ہوچکی ہے، ایم کیو ایم،اے این پی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے تجاویز پر غور ہونا باقی ہے۔وزیر قانون نے کہاکہ بلوچستان اسمبلی کی نشستیں بڑھانے سے متعلق تجویز پر ابھی غور ہوگا، جے یو آئی نے 3 دن کا وقت مانگا جو دینا ممکن نہیں تھا، مخالفت کرنی بھی ہے تو ووٹ سے کریں سیاست سے نہیں، نجی ترمیم پیش کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔
قبل ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم میں وزیراعظم کو استثنیٰ دینے سے متعلق مسلم لیگ (ن) کی مجوزہ شق واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کو مکمل طور پر جوابدہ رہنا چاہیے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ آذربائیجان سے واپسی پر مجھے معلوم ہوا کہ ہماری جماعت کے چند سینیٹرز نے وزیراعظم کو استثنیٰ دینے سے متعلق ایک ترمیم جمع کرائی ہے۔انہوں نے لکھا کہ میں ان کے نیک ارادے کا احترام کرتا ہوں، مگر یہ تجویز کابینہ سے منظور شدہ مسودے کا حصہ نہیں تھی، میں نے اسے فوراً واپس لینے کی ہدایت کر دی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اصولی طور پر ایک منتخب وزیراعظم کو عدالتِ قانون اور عوام دونوں کے سامنے مکمل طور پر جوابدہ رہنا چاہیے