افغان حکومت پاکستان کیخلاف لابی میں سرگرم ہے،ترجمان دفترخارجہ

دفترخارجہ
۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔وزارت خارجہکے مطابق افغان طالبان عبوری حکومت میں پاکستان مخالف لابی سرگرم ہے، مسلح دہشت گردوں کو زبردستی سرحد پار دھکیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دوربرادر ممالک ترکی اور قطر کی ثالثی میں، 7 نومبر 2025 کو استنبول میں مکمل ہوا۔پاکستان برادر ممالک ترکی اور قطر کی ان مخلصانہ کوششوں کی دل سے قدر کرتا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دہشت گردی کے اْس بنیادی مسئلے پر ثالثی کیلئے کیں، جو افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف جاری ہے،گزشتہ چار برسوں سے، جب سے افغانستان میں طالبان حکومت برسر اقتدار آئی، افغان سرزمین سے پاکستان پر دہشت گرد حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،ان برسوں کے دوران پاکستان نے، فوجی اور شہری جانی نقصان اٹھانے کے باوجود، انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور جوابی کارروائی سے گریز کیا۔پاکستان کی توقع تھی کہ وقت گزرنے کے ساتھ طالبان حکومت ان حملوں پر قابو پا لے گی اور افغان سرزمین پر موجود ٹی ٹی پی / فتنہ الخوارج کے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرے گی۔ان برسوں میں پاکستان نے افغانستان کے ساتھ مثبت تعلقات قائم رکھنے کی کوشش بھی کی، جس کے تحت دوطرفہ تجارت میں سہولتیں فراہم کی گئیں اور انسانی بنیادوں پر امداد دی گئی۔ پاکستان کی نیت ہمیشہ یہی رہی ہے کہ افغانستان ایک مستحکم، پْرامن اور خوشحال ملک بنے جو اپنے اندر اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن سے رہے تاہم پاکستان کی جانب سے تجارت، انسانی امداد، تعلیمی و طبی ویزوں میں سہولت، اور بین الاقوامی فورمز پر طالبان حکومت کے ساتھ مثبت رابطے کی ترغیب دینے کے باوجود، طالبان حکومت کی جانب سے محض کھوکھلے وعدے اور عدمِ عمل کے سوا کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی بنیادی توقع کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے پر عمل کرنے کے بجائے طالبان حکومت ہمیشہ ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات سے گریز کرتی رہی ہے۔

اس کے برعکس وہ اصل مسئلے یعنی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے غیر متعلقہ اور فرضی معاملات کو سامنے لاتی رہی ہے۔ اس طرح طالبان حکومت ایک ایسا بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کرتی رہی ہے جو اسے بین الاقوامی برادری اور اپنے عوام کے سامنے اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ظاہر کرے،افغانستان سے مسلسل ہونے والے حملوں کے جواب میں اکتوبر 2025 میں پاکستان کی کارروائی اس عزم اور ارادے کی عکاس تھی کہ پاکستان اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ٹی ٹی پی/ فتنہ الخوارج اور بی ایل اے/فتنہ الہندوستان ریاست پاکستان اور اس کے عوام کے دشمن قرار دیے جا چکے ہیں جو کوئی بھی ان کی پناہ، مدد یا مالی اعانت کرے، وہ پاکستان اور اس کے عوام کا خیر خواہ نہیں سمجھا جاتا۔ پاکستان اپنے مفادات اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔ پاکستان امن اور سفارت کاری کا بھی مضبوط حامی ہے،پاکستان ہمیشہ یہ مؤقف رکھتا آیا ہے کہ طاقت کا استعمال آخری چارہ کار ہونا چاہیے۔ اسی جذبے کے تحت، اور برادر ممالک ترکی اور قطر کے مخلصانہ مشورے پر عمل کرتے ہوئے، پاکستان نے مخلص دوستوں کی ثالثی میں پاک-افغان امن مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی،ان مذاکرات کے پہلے دور میں دوحہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ذمہ داری کے چند اصولوں پر اتفاق ہوا، جس کے نتیجے میں پاکستان نے عارضی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی۔ترجمان کے مطابق دوسرا دور استنبول میں ہواجس کا مقصد دوحہ میں طے پانے والے اقدامات کے نفاذ کا طریقہ کار وضع کرنا تھا۔ تاہم طالبان حکومت کے نمائندوں نے عملی اقدامات سے گریز کیا اور اپنے کیے ہوئے وعدوں سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کی۔ انہوں نے اشتعال انگیز اور الزام تراش میڈیا بیانات کے ذریعے ماحول کو بھی خراب کیا۔ پاکستان نے اپنے بنیادی مطالبے یعنی افغان سرزمین پر موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف قابلِ تصدیق اور مؤثر کارروائی پر سختی سے مؤقف برقرار رکھا۔تیسرے دور میں بھی پاکستان نے تعمیری رویہ اپنایا اور ایک مؤثر مانیٹرنگ میکانزم کے قیام پر توجہ مرکوز رکھی لیکن افغان فریق نے دہشت گردی کے بنیادی مسئلے سے توجہ ہٹانے اور غیر متعلقہ و بے بنیاد الزامات کے ذریعے مذاکرات کے دائرہ کار کو پھیلانے کی کوشش کی

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.