۔۔اُستمان نیوز۔۔۔ سینٹ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی 27ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کرلی،آئینی ترمیم کی حمایت میں 234 ارکان نے ووٹ دیا، 4 نے مخالفت میں ووٹ کیا،ووٹنگ کا عمل ڈویژن سے ہوا، ترمیم کے حق اور مخالفت میں ووٹ کرنے والے اراکین کو الگ الگ لابی میں جانے کی ہدایت کی گئی،حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم میں 8 نئی ترامیم پیش کیں، چار شقیں نکالنے اور چار شقیں ڈالنے کی ترامیم پیش کی گئیں،آئین کے آرٹیکل 6 کی شق 2 میں وفاقی آئینی عدالت کا لفظ شامل کیا گیا، آئین کے آرٹیکل 10 میں لفظ سپریم کورٹ کا اضافہ کیا گیا ہے،آرٹیکل 176 میں ترمیم کی گئی کہ موجودہ چیف جسٹس کو ٹرم پوری ہونے تک چیف جسٹس پاکستان کہا جائے گا،آرٹیکل 255 شق دو میں ترمیم کی گئی کہ موجودہ ٹرم کے بعد چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی سے متعلق ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت میں سے سینئر ترین چیف جسٹس پاکستان ہو گا،قومی اسمبلی سے اضافی ترامیم کی منظوری پر بل کو دوبارہ سینیٹ کو بھجوایا جائے گاجبکہ اپوزیشن ارکان نے حکومت مخالف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے سامنے دھرنا دیا،ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑدیں اور پھر اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔
کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت ہوا جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی تحریک پیش کی، حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم میں آٹھ نئی ترامیم پیش کیں، 27 آئینی ترامیم میں چار شقیں نکالنے اور چار شقیں ڈالنے کی ترامیم پیش کی گئیں۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ بارکونسل،ایسوسی ایشن کی مشاورت کے بعد چیف جسٹس کے عہدے پر کچھ ابہام تھا، یہ لکھا ہواتھا کہ جوموسٹ سنیئر ہوگا وہ کمیشن کو چیئرکرے گا، اس ابہام کو دور کرنے کیلئے کچھ ترامیم متعارف کراؤں گا۔انہوں نے کہاکہ 27 ویں آئینی ترمیم کے خدوخال سینیٹ میں پیش کردیے تھے، قانون اور آئین میں ترمیم ایک ارتقائی عمل ہے۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی ہی چیف جسٹس پاکستان رہیں گے،چیف جسٹس پاکستان کا عہدہ برقرار رہیگا۔ آئینی عدالت اور سپریم کورٹ سے جو جج سینئر ہوگا وہ چیف جسٹس پاکستان کہلائیگا۔اس کے بعد 27 ویں آئینی ترامیم پر شق وار ووٹنگ کی گئی اور تمام 59 شقیں منظور کرلی گئیں، ترمیم کی حمایت میں 233 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ مخالفت میں 4 ووٹ آئے۔جمعیت علمائے اسلام نے مخالفت میں ووٹ دیا۔اس عمل کے بعد ترمیم کے حق اور مخالفت میں ووٹ کرنے والے ارکان باری باری ایوان سے باہر گئے۔ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ قومی اسمبلی نے 27ویں آئینی ترمیم منظورکرلی جس کی حمایت میں 234 اور مخالفت میں 4 ووٹ آئے۔آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایوان نے یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، تمام ارکان کا دلی مشکور ہوں۔
واناکیڈٹ کالج حملے نے اے پی ایس حملے کی یاد تازہ کردی، حملہ آوروں میں افغان باشندے بھی شامل تھے، اساتذہ اور طلباء کو بحفاظت نکالاگیا،سیکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کو قوم کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آبادکچہری میں دہشت گردی کا اندوہناک واقعہ پیش آیا، شہداء کے درجات کی بلندی اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گوہیں۔ یہ واضح ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں خارجہ ہاتھ ملوث ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ جعفرایکسپریس واقعے میں بھی ہندوستان،کالعدم بی ایل اے (بلوچستان لبریشن آرمی) اور کالعدم ٹی ٹی پی شامل تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کسی رکاوٹ کوحائل نہیں ہونے دیں گے، افغان طالبان رجیم سے مسلسل کہا جارہا ہے کہ وہ کالعدم ٹی ٹی پی کو لگام دے۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر جوان اور افسر قربانیاں دے رہے ہیں، ہمارے بہادر جوان اور افسر مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 40سال افغانوں کی مہمان نوازی کا صلہ دنیا دیکھ رہی ہے، دہشت گردوں کولگام دیں ہم آپ کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ آئینی ترمیم کی منظوری میں تعاون پر صدرآصف زرداری اور بلاول بھٹو کا شکرگزار ہوں اور ڈاکٹرخالدمگسی، خالدمقبول صدیقی، ایمل ولی خان، فاروق ستار کا بھی مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کے قیام کا خواب 19سال بعد پورا ہوا، میثاق جمہوریت میں بھی آئینی عدالت کا ذکر تھا،بے نظیر کی روح کو تسکین مل رہی ہو گی۔وزیراعظم نے کہا کہ اختلاف کرنا اپوزیشن کا حق ہے، ہم احترام کرتے ہیں، دشنام طرازی اورگالم گلوچ سے ہٹ کر ہمیں ملکر ملکی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا۔
معرکہ حق میں کامیابی کے بعدبلاول بھٹو کی قیادت نے پاکستان کامؤقف دنیا کے سامنے رکھا، پاکستان نیداخلی محاذکے ساتھ ساتھ خارجہ محاذپربھی کامیابی حاصل کی اور پاکستان کا وقارعالمی سطح پر بلند ہوا۔شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف سیدعاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا ٹائٹل دینا پوری قوم نے سراہا، پاکستانی ایک عظیم قوم ہیں، وہ اپنے ہیروز کو عزت دینا جانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے مکمل اتفاق ہے کہ صوبے مضبوط ہوں گے تو وفاق مضبوط ہوگا، وہ تمام امور جن سیوفاق مضبوط ہو میں ان کا حامی ہوں۔وزیر اعظم نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے آئین کے دائرے میں رہ کر ہماری بھرپور معاونت کی۔انھوں نے کہا کہ میں خود ان کے پاس حاضر ہوا کہ دس دس سال تک مقدمات زیر التوا ہیں۔انھوں نے وضاحت کی کہ چیف جسٹس یحییٰ آفرید ی بدستور چیف جسٹس رہیں گے اور آئینی اداروں کی رہنمائی کرتے رہیں گے اور ان کی مدد ہمارے شامل حال رہے گی۔قبل ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم جو آئینی ترمیم لارہے ہیں،ہمارے پاس اکثریت ہے، کسی کا باپ بھی 18 ویں ترمیم کو ختم نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کی منظوری کثرت رائے سے نہیں،اتفاق رائے سے ہوتی ہے، 26ویں آئینی ترمیم بھی اتفاق رائے سے منظور کرائی تھی اور 18 ویں ترمیم بھی تمام جماعتوں نے اتفاق رائے سے منظورکرائی، 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو حقوق دیے گئے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں کیے وعدے پورے کررہے ہیں اور میثاق جمہوریت کے نامکمل وعدوں کی تکمیل یقینی بنارہے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، فیلڈمارشل کی کارکردگی کو پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے، فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئینی تحفظ دے رہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دہشت گردی ملک میں ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، دہشتگردی اور ملک دشمنوں کے خلاف سب کو یکجا ہونا ہوگا۔
قوم فتنہ الخواج کے خلاف متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، ہم نے پہلے بھی دہشت گردوں کا مل کر بھرپور مقابلہ کیا تھا، ہم نے شہادتیں دیکر دہشتگردوں کو پہلے بھی شکست دی اورآئندہ بھی دینگے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا صرف یہ کام نہیں کہ اپنے لیڈرکیلیے رونا دھونا رکھے، اپوزیشن کا کام ہے کہ وہ حکومت پر نظر رکھے، اپوزیشن کو قانون سازی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ، اور پی پی نے افتخار چوہدری کے سوموٹوز کو بھگتا، ہم ماضی کی غلطی کو درست کرنے جارہے ہیں، 27ویں آئینی ترمیم کے بعد اب کوئی ازخود نوٹس نہیں ہوگا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری تجویزماننے پر ہم حکومت کے شکرگزار ہیں، 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے والے بھی مانیں گے یہ بڑی کامیابی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آئینی عدالت میں تمام صوبوں کی برابری کی بنیاد پر نمائندگی ہوگی۔بلاول بھٹو کی تقریر کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شدید نعرے بازی کی جارہی ہے اور چور آیا چور آیا’کے نعرے لگائے گئے۔ بعد ازاں آئینی ترمیم کی منظوری اور وزیراعظم کے خطاب کے بعد سپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) جمعرات کی شام چار بجے تک ملتوی کر دیا