۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کی،وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اختتامی دعا میں بھی شرکت کی اور ملک کی سلامتی، عالم اسلام کے استحکام اور مضبوطی کے لیے خصوصی دعاکی۔وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے عالمی تبلیغی جماعت کے بزرگوں سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔تبلیغی جماعت معاشرے میں دین کے فروغ اور اصلاح نفس کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر بندہ جب اپنے آپ کو درست کرے گا تو پورا معاشرہ بہتر ہو گا،اہل اسلام پر مصائب اور جان لیوا آزمائشیں شکلیں بدل بدل کر آ رہی ہیں،موجود مشکلات سے نجات کا راستہ توحید و سنت پر عمل ہے،تبلیغی جماعت اسلام کا ابدی اور لاثانی پیغام پوری دنیا میں پھیلا رہی ہے۔
تزکیہ نفوس کے لیے کی جانے والی محنت کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ معاشرے کا ہر فرد اگر اپنی ذمہ داری محسوس کرے تو ماحول تبدیل ہو سکتا ہے،تبلیغی جماعت کا کام دین کا بنیادی کام ہے،تبلیغی جماعت دراصل ایمان کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر مثبت اور تعمیری ماحول کو فروغ دینا ہو گا،ہماری تمام جدوجہد کا مرکز اور محور ملک کی سلامتی اور بقا ء ہونا چاہیے۔دورہ میں پروفیسر سجاد قمر، قاری محبوب الرحمن، سردار سید غلام اور مولانا جمیل فاروقی بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے