۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کی عسکری قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان دفاع، سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں ’دیرینہ اور اسٹریٹجک‘ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی کے درمیان جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات ہوئی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔
بالخصوص پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور اسٹریٹجک عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز رہی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں دفاعی تعاون، سیکیورٹی اشتراک اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، جو دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی بنیادی ستون ہیں۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق معزز مہمان نے سعودی مسلح افواج کے ساتھ متعدد شعبوں میں پاکستان کے تعاون کو سراہا اور اس مضبوط شراکت کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔بیان میں کہا گیا کہ جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا