۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں آئی ایم ایف کی وجہ سے سپیس نہیں مل رہی،قرض پروگرام ختم ہوتے ہی وزیر اعظم بجلی کی قیمتیں بہت نیچے لے آئیں گے۔رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول،سٹی پریس کلب مریدکے کے صدر رانا جعفر،ممتاز سماجی شخصیت حافظ دانش محمود، ٹی ایچ کیو ہسپتال مریدکے کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد عمار اور زرعی سائنس دان ڈاکٹر الحاج قاری محمد رمضان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں کم ہونے سے صنعتوں کی پیداواری لاگت اور ڈومیسٹک بلوں میں بھی کمی آئے گی جس سے مہنگائی کی شرح بھی مزید نیچے آئے گی۔
ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ چینی کہیں بھی مہنگی فروخت نہیں ہورہی،متعلقہ ادارے تمام بڑے شہروں میں قیمتوں کو چیک کر رہے ہیں، مخلف مقامات پر چینی کی قیمت 180روپے کلو تک ہے،کرشنگ شروع ہوچکی ہے جس سے قیمتیں نیچے آئیں گی،بلوچستان اور کراچی سے اطلاعات ملی ہیں کہ وہاں چینی مہنگی فروخت ہورہی ہے،دور دراز دیہات میں 200روپے کلو فروخت ہورہی ہو تو اس بارے کچھ کہا نہیں جاسکتا البتہ میڈیا نے چینی مہنگی فروخت ہونے کا شور مچارکھا ہے۔رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں تاریخی شکست ہوئی اس کے سات جنگی جہاز تباہ ہوئے اسے وہ شکست چین نہیں لینے دے رہی،اب اس نے افغانستان کے راستے خیبر پختوانخواہ اور بلوچستان میں پراکسی وار شروع کررکھی ہے،پاک افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں،بھارت کے سپانسرڈ فتنہ الخوارج کا ہر جگہ تعاقب کر کے انہیں جہنم واصل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب ڈپلومیسی کی وجہ سے بھارت آج دنیا میں تنہا ہوچکا ہے اور ان شااللہ پراکسی وار میں بھی بھارت کو منہ کی کھانا پڑ ے گی۔
حکومت پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ ملک و قوم کی خاطر تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر مسائل حل کریں مگر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے قسم کھارکھی ہے کہ ملک و قوم کو سکون سے نہیں رہنے دینا،ہم 2014سے کہہ رہے ہیں عمران خان کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، اس کی جماعت کا سیاسی ایجنڈا ہوتا تو کبھی دھرنا گالم گلوچ اسمبلیاں توڑنے کی سیاست نہ کی جاتی،ان کا ایجنڈا ہی پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے،ملک دشمن قوتیں اب بھی اس کے پیچھے کام کررہی ہیں لیکن انہیں کبھی کامیابی نہیں ملے گی کیونکہ قوم ان کی ملک دشمنی کی سیاست اور چہرے کودیکھ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے درست سمت پر ہیں،پاکستان آگے بڑھ رہا ہے،عالمی ادارے بھی پاکستان کی ترقی کرتی معیشت کے معترف ہیں، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی دن رات کوشش ہے کہ پاکستان ترقی کی طرف گامزن رہے