پاکستان مشکل گھڑی سیلاب متاثرہ ممالک کیساتھ کھڑاہے،صدر،وزیراعظم

۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔صدرمملکت آصف علی زرداری اورزیر اعظم شہبازشریف نے جنوب مشرقی ایشیا میں شدید سیلاب کے باعث ہونے والے بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور لاکھوں افراد کی بے دخلی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ ممالک کے ساتھ کھڑا ہے،ہم اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔اتوار کے روز ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ اس سانحے میں سینکڑوں قیمتی جانوں کا ضیاع اور متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات پاکستان کے عوام کے لیے انتہائی رنج کا باعث ہیں۔

انڈونیشیا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان خود بھی موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی آفات کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے وہ ایسے سانحات کے درد اور بے یقینی کو بخوبی سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرِ آب آنے والی بستیوں اور گھروں سے محروم ہونے والے خاندانوں کے مناظر اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ ہم سب انسان مشترکہ طور پر بڑھتی ہوئی ماحولیاتی تباہ کاریوں کے خطرات سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی شراکت داروں اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا تاکہ اپنی استطاعت کے مطابق متاثرہ ممالک کی مدد کے عملی طریقوں پر غور کیا جا سکے۔

پاکستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ ممالک کے ساتھ کھڑا ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انڈونیشیا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ کے مختلف حصوں میں سمندری طوفان کے باعث ہونے والی تباہ کن بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی اور متاثرہ کمیونٹیز کی جلد بحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان انڈونیشیا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ کے عوام، وہاں کی حکومتوں اور قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہم اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.