۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورِ حق میں امیر کراچی منعم ظفر خان و دیگر رہنماؤں کے ہمرا ہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پیپلز پارٹی ایک قبضہ مافیا، سندھ حکومت کرپشن، نا اہلی اور لوٹ مار کا بدترین شاہکار بن چکی ہے اور اس کے سرپرست وہ لوگ ہیں جن کو اپنی مرضی کی ترامیم اور قانون سازی کرنی اور استشنیٰ حاصل کرنے ہوتے ہیں، کراچی صوبے کے بجٹ کا 98فیصد حصہ فراہم کرتا ہے لیکن اس شہر اور عوام کا کوئی پُر سان حال نہیں، سندھ حکومت گزشتہ 15برس میں کراچی کے 3360ارب روپے کھا چکی ہے۔ صوبوں اور انتظامی یونٹس بنانے کی بحثیں چھیڑ کر عوام کو لڑوایا جاتا ہے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی نورا کشتی چل رہی ہے، ایم کیو ایم بتائے جب سندھ حکومت، کراچی کے اداروں، اختیارات و وسائل پر قبضہ کر رہی تھی تو وہ اس جرم میں شریک اور وڈیروں و جاگیرداروں کے ساتھ کیوں کھڑی تھی؟ مصطفیٰ کمال کے دور میں آکٹرائے ضلع ٹیکس کے ہسٹوریکل شیئر کی کلاز کو ہی ختم کر دیا گیا تھا، ہمارا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی حکومتوں کو باقاعدہ شہری حکومتوں کا درجہ اور آئین میں تحفظ دیا جائے، آرٹیکل 140-Aمیں موجود ہے کہ تمام مالیاتی،سیاسی،انتظامی اختیارات مقامی حکومتوں کو منتقل کیے جائیں، بلاول بھٹو کو آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے میں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا لیکن وہ 18ویں ترمیم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو بہت بڑا مسئلہ سمجھتے ہیں وہ بتائیں اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو اختیارات تو مل گئے ہیں لیکن پی ایف سی ایوارڈ کیوں جاری نہیں کیا جاتا؟ پنجاب کا بلدیاتی ایکٹ کالا قانون ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں،7دسمبر کو پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں بھر پور احتجاج اور آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔
نواز لیگ بادشاہ سلامت کی طرح حکمرانی کررہی ہے، عوام سے براہ ِ راست یوسی چیئر مین منتخب کرنے تک کے اختیارات لے لینا عوای مینڈیٹ کی توہین ہے، جماعت اسلامی کا نعرہ”عوام کو اختیار دو“ ہے اور ”بدل دو نظام تحریک“ عوام کو اختیار دلانے کی تحریک ہے، مقامی حکومتوں کے قیام اور ان کو بااختیار بنانے کی تحریک کو تیز تر کریں گے،جماعت اسلامی منصورہ لاہور میں اسلامی تحریکوں کا انٹر نیشنل سیکریٹریٹ بنا رہی ہے، ٹرمپ کے کہنے پر غزہ میں اپنی فوج بھیجنے کی سخت مخالفت اور مزاحمت کریں گے، اسحاق ڈار اپنی فوج غزہ نہ بھیجنے کا واضح اور دو ٹوک اعلان کریں،پاکستان میں حماس کے دفاتر قائم کیے جائیں، قابض میئر مرتضیٰ وہاب واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئر مین ہیں نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے معصوم بچے کے افسوسناک واقع کی ذمہ داری براہ راست ان پر ہی عائد ہوتی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے نیپا چورنگی کے قریب معصوم بچے کی المناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کے ایم سی اور واٹر کارپوریشن کی شدید مذمت کی اور کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ واقعے کے دس،بارہ گھنٹے بعد بھی کوئی حکومتی ذمہ دار وہاں نہیں آیا،حتی کہ جماعت اسلامی کے چیئرمین،وائس چیئرمین اور کونسلرز حکومت کے ذمہ داران کو فون کرتے رہے لیکن نہ اے سی نہ ڈی سی فون اٹھارہا تھا خود مرتضی وہاب کو میسج کیے گئے لیکن ان کی طرف سے بھی کوئی رسپانس نہیں آیا، کے ایم سی کہیں موجود نہیں تھی، بی آر ٹی ریڈلائن پر پچھلے پانچ سال سے کام جاری ہے، لیکن یہ بننے کا نام نہیں لے رہا،اگلے تین چار سال تک بھی یہ مکمل ہوتا نظر نہیں آتا، جماعت اسلامی کے چیئرمین ریاض اظہرنے اس گڑھے کے حوالے سے 29اکتوبر کو باقاعدہ کمپلین کی تھی، لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی، شہر میں جگہ جگہ گڑھے ہیں،انفرااسٹرکچرتباہ حال ہے، سڑکیں ٹوٹی ہیں،مسلسل حادثات ہورہے ہیں۔
ٹرمپ جس نے فلسطین کو تباہ کرنے کے لیے اسرائیل کوتمام تر امداد فراہم کی اسے ہمارے حکمران سلیوٹ پیش کررہے ہیں، ہمارے 80 ہزار فلسطینی بھائیوں کے قاتل کو سلیوٹ کرنا ذہنی غلامی ہے، 1940میں قرارداد پاکستان کے ساتھ ساتھ قرارداد فلسطین پیش ہوئی تھی، قائد اعظم نے اسرائیل کوتسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا، پاکستان نے ہمیشہ اسرائیل کی کھل کر مخالفت کی ہے،لیکن اب صورتحال ٹرمپ کے کہنے پر غزہ میں پاکستانی افواج کو بھیجنے کے لیے تیار ہے،جماعت اسلامی ایسے ہر اقدام کی مخالفت کرتی ہے، یہ پاکستانی فوج،عوام اور اس کے اصول موقف کے ساتھ ظلم ہوگا، افواج پاکستان فلسطینیوں کو غیر مسلح کرنے کے لئے نہیں بنی ہے، فلسطین کے مسئلے کاایک ہی حل ہے اور وہ ہے آزاد فلسطینی ریاست، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حماس ایک قانونی اور جمہوری فورس ہے، امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے، پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، نائب امیر کراچی مسلم پرویز، جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق،ٹاؤن چیئر مین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد احمد، جناح ٹاؤن چیئر مین رضوان عبد السمیع،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے