اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے جمہوریہ تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ طوئراورازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیو نے الگ الگ ملاقات کی اور ان سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے جمہوریہ تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ طوئر نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے بے پناہ باہمی خیرسگالی اور افہام وتفہیم پرمبنی قریبی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاع، ہوا بازی اور اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر دفاع نے تمام تصفیہ طلب علاقائی مسائل کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا اور خطے میں امن اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے تاجکستان کی کوششوں کو سراہا۔تاجک سفیر نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔ادھرازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیو کی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات ہوئی۔ سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی مشترکات پرمبنی تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے، پاکستان ازبکستان کے ساتھ دفاعی تعاون سمیت باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کا ارادہ رکھتا ہے۔ ازبک سفیر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ازبکستان حکومت کے عزم کا اعادہ کیا