اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا۔ اعلامیے کے مطابق 2026 فیفا ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم ہوگی۔ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 44 کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی گئی تھی۔ اعلامیے کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، پچھلے ایڈیشن کی فاتح ٹیم کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی تھی۔
فیفا ورلڈ کپ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی، تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ اور چوتھے نمبر کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔ اعلامیے کے مطابق پانچویں سے آٹھویں پوزیشن کی ٹیموں کو ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالرز ملیں گے جبکہ 9ویں سے 16ویں پوزیشن کی ٹیم کو 1.5 کروڑ ڈالر زکی انعامی رقم دی جائے گی۔17 سے 32 ویں پوزیشن پر آنے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر ملیں گی جبکہ 33 سے 48 ویں پوزیشن پر آنے والی ہر ٹیم کو فی ٹیم 90 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔ فٹبال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو فیفا تیاریوں کیلئے اضافی 15 لاکھ ڈالرز بھی دے گا۔ واضح رہے کہ فٹبال ورلڈ کپ اگلے برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی