پنجگور،گندم کا شدید بحران، محکمہ فوڈ کی غیر فعالیت پر عوام سراپا احتجاج

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ ضلع پنجگور میں گندم کی عدم دستیابی کے باعث زمین دار، مالدار اور عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مارکیٹ میں گندم کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں جبکہ چکیوں میں آٹا انتہائی مہنگا ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے عوام مہنگے داموں گندم اور آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ فوڈ کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔ محکمہ فوڈ کے دفاتر اور گودام کئی برسوں سے غیر فعال پڑے ہیں، نہ کوئی عملہ موجود ہے اور نہ ہی عوام سے کوئی رابطہ یا قابلِ ذکر کارکردگی نظر آتی ہے۔ ان کی غیر ذمہ دارانہ کارکردگی کے باعث پنجگور گزشتہ کئی سالوں سے سرکاری گندم کوٹے سے محروم چلا آ رہا ہے۔

پنجگور کا گزشتہ کئی سالوں کا گندم کوٹہ کہاں گیا؟ اور اس مد میں ملنے والا بجٹ کن کاموں پر خرچ کیا جا رہا ہے؟ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس حوالے سے شفاف تحقیقات کی جائیں۔زمین داروں کا کہنا ہے کہ اس وقت گندم کی بوائی کا سیزن ہے، مگر محکمہ فوڈ کی عدم توجہی کے باعث انہیں شدید نقصان کا سامنا ہے۔ مالدار طبقے کا کہنا ہے کہ سردی کے موسم میں گھاس پھوس نایاب ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے وہ مجبوراً مویشیوں کو گندم کھلاتے ہیں، لیکن گندم بھی ضلع میں شدید قلت کا شکار ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ ملک کی معیشت کا دارومدار زراعت پر ہے، مگر محکمہ فوڈ کی کمزوریوں اور ضلع کو گندم کوٹہ نہ ملنے کی وجہ سے پنجگور میں حالات دن بدن بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے وزیرِ فوڈ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجگور کے گندم کوٹے اور محکمہ فوڈ کے بجٹ کا فوری نوٹس لیا جائے اور ضلع میں گندم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.