اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔صوبہ خیبرپختونخواہ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کیلئے 2شرائط بیان کردیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8فروری کو پہیہ جام شٹرڈان ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ٹی آئی سٹریٹ موومنٹ کی طرف جارہی ہے کیوں کہ مزاحمت ہی آخری راستہ ہے، اس بار احتجاج کے لیے پوری تیاری کے ساتھ آئیں گے اور نیکسٹ لیول کی تحریک چلائیں گے۔وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جارہی، اس کے باوجود سٹریٹ موومنٹ کی تیاری ہورہی ہے، تحریک کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی کے پاس ہے، جب بھی تحریک کی کال دی جائے گی تو لاکھوں لوگ نکلیں گے۔
اب صرف دو صورتوں میں مذاکرات ممکن ہیں، یا تو نئے انتخابات ہوں یا پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس کیا جائے، اگر وفاقی حکومت لیڈر شپ اور کارکنوں کی رہائی اور جھوٹے مقدمات پر بات کرتی ہے تو ہم بھی بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ادھروفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو ڈائیلاگ کی آفر کی، اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ آج کل پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی ڈائیلاگ کی بات کر رہے ہیں، اگر وہ سنجیدہ ہیں تو حکومتِ پاکستان بھی بات چیت کے لیے تیار ہے، میں اسمبلی میں بارہا کہہ چکا ہوں کہ اگر پی ٹی آئی سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہے تو حکومت بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے، غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے ساتھ بات نہیں ہو سکتی، جو جائز معاملات ہیں صرف ان کی روشنی میں ڈائیلاگ آگے بڑھ سکتا ہے کیوں کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی ضروری ہے