اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔امریکہ کی جانب سے ایک بار پھر ایران کے مختلف ساحلی علاقوں پر حملوں کے نتیجے میں 17 افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی جبکہ ایرانی فورسز نے جلد خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر بڑے حملوں کا اعلان کردیاجس کے بعد ایران نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کئے۔جمعرات کو میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ کی جانب سے کئے گئے حملوں کے بعد کہاگیاکہ ایران میں دھماکے آبنائے ہرمز کے قریب بندر عباس، سرک، کونارک اور چاہ بہار میں سنے گئے ہیں۔کیے گئے تازہ حملوں کے بارے میں امریکی فوج نے کہا کہ ان کا مقصد آبنائے ہرمز سے جہازوں کے آزادانہ گزرنے میں ایران کی جانب سے موجود خطرات کم کرنا ہے۔اس سے پہلے منگل اور بدھ کی درمیانی شب امریکا نے ایران کے جنوبی علاقوں پر حملے کیے تھے جن میں ایران نے مسلح افواج کے 8ارکان شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی فضائی اور بحری افواج کے یہ جوان بندر عباس اور بوشہر میں شہید ہوئے ہیں۔
ایرانی وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمانپور کے مطابق ایران پر 8اور 9جولائی کو ہونے والے امریکی حملوں میں 14افراد شہید اور78زخمی ہوئے۔ترجمان ایرانی وزارتِ صحت نے جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کے باوجود امریکا نے 2روز کے دوران 5صوبوں کو حملوں کا نشانہ بنایا۔بیان کے مطابق زخمی ہونے والے 78افراد میں سے 47اب بھی مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔بعد ازاں ایرانی پاسدارن انقلاب کی بحری فوج نے کہا کہ جمعرات کی صبح صوبہ خوزستان پر امریکی فضائی حملوں میں پاسدارن کے 3اہلکار شہید ہوئے۔عرب میڈیا کے مطابق اپنے بیان میں ایرانی پاسداران انقلاب کی بحری فوج نے کہا کہ ہرمز میں امریکی مہم جوئی یا جہاز رانی میں مداخلت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
بحری فوج ایرانی پاسدارن انقلاب نے کہا کہ غیر ملکیوں کو آبنائے ہرمز میں کوئی دلچسپی نہیں، امریکا کی فوجی مہم جوئی آبنائے ہرمز کے دوبارہ کھلنے میں رکاوٹ کی وجہ بنے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کے شہروں سریک، چاہ بہار، بندر عباس، کونارک اور جزیرہ ابو موسی میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ چاہ بہار کے کچھ حصوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق ایرانشر ایئرپورٹ پر حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، میری ٹائم ٹریفک کنٹرول ٹاور اور ایک ڈپو پر حملے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق چاہ بہار پر امریکی حملے میں پروجیکٹائل کا ٹکڑا امام علی ہسپتال پر گرا ہے۔صوبہ بوشہر میں بھی دھماکے سنے گئے، ایٹمی بجلی گھر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ دریں اثناء ایران کے جنوبی صوبے بوشہر میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔نیم سرکاری ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق بوشہر میں کئی زور دار دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔بوشہر وہ صوبہ ہے جہاں ایران کی واحد فعال جوہری تنصیب بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ واقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ کے دوران بوشہر کی جوہری تنصیب پر اسرائیل اور امریکا کی جانب سے متعدد حملے کیے گئے تھے، جس کے بعد ممکنہ جوہری حادثے کے خدشات میں اضافہ ہو گیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کے صوبے گلستان میں چین ایران ریلوے کوریڈور کا ایک اہم ریلوے پل امریکی حملے میں نشانہ بن گیا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات عق تاقہ خان ریلوے پل پر امریکی حملہ کیا گیا۔ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق یہ ریلوے راستہ ترکمانستان اور قازقستان کے ذریعے چین کو ایران سے ملاتا ہے جبکہ روس 2025 کے آخر سے اس روٹ کو ایران کے لیے کارگو ترسیل کے لیے استعمال کر رہا تھا۔امریکی حملے کے باعث ریلوے لائن کے کچھ حصے متاثر ہونے کے بعد تہران سے مشہد جانے والی ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تازہ امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کر دیے۔ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق کیمپ عریفجان، علی السالم (کویت)اور جفیر، شیخ عیسی (بحرین)کے اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے جاری بیان میں خبردار کیا کہ اگر امریکی حملے دوبارہ ہوئے تو خطے میں دیگر امریکی اڈوں پر بھی کارروائیاں کی جائیں گی۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق امریکی حملوں میں مشہد جانے والے 2پل بھی نشانہ بنائے گئے، جنہیں ایران نے شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے جلوسِ جنازہ کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا۔