اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کا اعلیٰ سطحی سرکاری دورہ کیا، جہاں ترک قیادت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران صدر رجب طیب اردوان، وزیر دفاع یاشر گولر اور ترکیہ کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی، عسکری روابط اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ترک مسلح افواج کا اعلیٰ عسکری اعزاز ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل بھی عطا کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سرکاری دورہ ترکیہ کے دوران انقرہ میں ترک قیادت کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری، دفاعی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دفاع، سکیورٹی اور عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک وزیر دفاع یاشر گولر سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات، مشترکہ تربیتی پروگراموں، دفاعی صنعت میں تعاون اور خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹر آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلچک بایراکتاراوغلو سے ملاقات کی، جس میں پیشہ ورانہ عسکری تعاون، انٹیلی جنس روابط، مشترکہ مشقوں اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دینے، دفاعی روابط کو مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعلقات میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ترک مسلح افواج کا اعلیٰ عسکری اعزاز ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل عطا کیا گیا۔انہوں نے ترک لینڈ فورسز ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل میتن توکل سے ملاقات میں عسکری تربیت، پیشہ ورانہ تعاون اور دفاعی شعبے میں تجربات کے تبادلے پر گفتگو کی گئی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انقرہ میں ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار انیت کبیر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور عظیم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔دورے کے اختتام پر پاکستان اور ترکیہ کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی، عسکری اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔