بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن علیمہ خانم نے فیکٹری ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بھائی کے بارے میں ایک لفظ کی بھی معلومات نہیں دی جا رہیں، جو ان کے بقول عالمی اور مقامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
عدالتی احکامات کے مطابق ہفتے میں 18 افراد کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے تاکہ ان کے بنیادی حقوق بحال ہوں، تاہم اس وقت انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور مجموعی صورتحال کیا ہے۔علیمہ خانم نے کہا کہ وہ اپنے بھائی کے لیے میدان میں نکلے ہیں اور عوام کے جذبے نے انہیں مزید حوصلہ دیا ہے۔ ان کے مطابق ملک کے مختلف شہروں سے لوگ انہیں وہاں آنے کی دعوت دے رہے ہیں۔انہوں نے پارٹی قیادت، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ بھی آگے آئیں اور عملی طور پر قیادت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اکیلے کتنی جدوجہد کر سکتے ہیں، اس لیے تمام رہنماؤں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر سے ملاقات میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہوا، جبکہ بیرسٹر گوہر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پر دباؤ ڈالا جائے گا تاکہ بانی پی ٹی آئی کو علاج اور اہل خانہ سے ملاقاتوں کی سہولت فراہم کی جا سکے۔علیمہ خانم نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر نکل کر دباؤ بڑھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام میں مایوسی نہیں بلکہ غصہ پایا جاتا ہے، جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اگر کوئی اچھا کام بھی ہو رہا ہو تو مین اسٹریم میڈیا اس پر بات نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات پاکستان کا مستقبل ہیں اور ان کے تحفظ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔