اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب سے تجارتی سرگرمیوں میں مصروف بحری جہازوں اور پاکستانی بحری مفادات کو دی جانے والی دھمکیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دے دیا، ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں پر کسی بھی حملہ کی صورت میں پاکستان طاقت کے استعمال اور جوابی کارروائی کا پورا حق رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے یمن کے حوثی باغیوں کے حالیہ دھمکی آمیز بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ جائز اور قانونی تجارتی سرگرمیوں میں مصروف بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں بالخصوص قابلِ تشویش ہیں اور یہ آزادانہ عالمی تجارت میں رکاوٹ ڈالنے کی مذموم کوشش ہے، حوثیوں کے یہ بیانات اور دھمکیاں بین الاقوامی قانون کے مسلمہ اصولوں اور عالمی بحری قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے واضح اور سخت مقف کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں یا پاکستان کے کسی بھی بحری مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا
پاکستانی جہازوں پر حملہ یا کارروائی کو پاکستان کی قومی سلامتی اور خودمختار مفادات کے لیے سنگین خطرہ تصور کیا جائے گا۔پاکستان نے اپنے بحری اثاثوں کی حفاظت کے لیے حتمی حد تک جانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق پاکستان کو اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کرنے کا پورا حق حاصل ہے، پاکستان اپنے تمام بحری اثاثوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بشمول قانون کے مطابق طاقت کے استعمال کا حق محفوظ رکھتا ہے۔