مستونگ اور سوراب میں کارروائیاں، 10 دہشتگرد ہلاک

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف کارروائیوں کے دور ان 10 دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 48 گھنٹوں میں بلوچستان کے ضلع سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، ضلع سوراب میں 7 اور مستونگ میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خودکش حملہ آور خواتین اور ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا ہے

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز برآمد ہوئی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے کہاکہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔دریں اثناء اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے سوراب اور مستونگ اضلاع میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

بدھ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف موثر کارروائیاں قومی امن کے لئے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.