اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بلوچستان حکومت نے ضلع نوشکی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور دہشتگردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر 28 جولائی کی رات 8 بجے سے 31 جولائی کی رات 8 بجے تک کرفیو نافذ کردیا۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق نوشکی کے ویسٹرن بائی پاس پر ایف سی پوسٹ پر حملے اور اس کے بعد جاری سیکیورٹی آپریشن کے تناظر میں ضلع میں سیکیورٹی صورتحال کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع بولتا بلوچستان کے مطابق آئندہ ماہ اگست کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری تنصیبات اور دیگر حساس مقامات کو ممکنہ دہشتگرد حملوں کا خطرہ بھی موجود ہے۔
کرفیو کے دوران شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے اور ضلع کی حدود میں نقل و حرکت سے روک دیا گیا ہے، جبکہ عوامی اجتماعات، جلوس اور غیر ضروری سفر پر پابندی ہوگی۔ ذرائع بولتا بلوچستان کے مطابق ڈپٹی کمشنر نوشکی کی اجازت سے سرکاری امور، ہنگامی طبی خدمات، ریسکیو اور دیگر ضروری خدمات انجام دینے والے افراد کو کرفیو سے استثنیٰ دیا جاسکے گا۔
نوٹیفکیشن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کرفیو پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔