اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کر لی ہے اور دو مراحل سمیت مہاجرین نشستوں کے نتائج کے بعد 23 نشستوں کے ساتھ اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔غیر سرکاری نتائج کے مطابق مظفرآباد ڈویڑن کی 7 نشستوں میں مسلم لیگ (ن) نے 4 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 3 نشستیں حاصل کیں۔ مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد فاروق حیدر خان، شاہ غلام قادر، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی اور راجہ ثاقب مجید خان کامیاب قرار پائے۔پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید، محمد مختار عباسی اور سردار دیوان علی خان چغتائی نے مظفرآباد ڈویڑن سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان بھر میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 10 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی۔مہاجرین نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد صدیق، سید شوکت علی شاہ، محمد یاسین لون، احمد رضا قادری، چوہدری محمد اسماعیل، ناصر حسین ڈار، محمد عامر شاہ، محمد احسن رضا اور محترمہ مریم جاوید کامیاب قرار پائے۔پیپلز پارٹی کے عبدالماجد خان اور عامر عبدالغفار نے مہاجرین کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔انتخابی عمل کے مطابق مظفرآباد ڈویڑن کے دو حلقوں میں پولنگ مکمل نہ ہو سکی۔ ایل اے 27 کوٹلہ میں مکمل پولنگ جبکہ ایل اے 28 لچھراٹ کی تین یونین کونسلوں میں جزوی پولنگ 4 اگست کو ہوگی۔
غیر سرکاری نتائج کے بعد آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 23 کامیاب امیدواروں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا اور فیصلہ کن مرحلہ 10 اگست کو پونچھ ڈویڑن کی 11 نشستوں پر ہوگا، جس کے بعد اسمبلی کی مکمل صورتحال واضح ہو جائے گی۔