اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وفاقی وزرا اور حریت رہنماؤں نے کہا ہے کہ 5اگست 2019کو بھارت نے یکطرفہ طور پر جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیریوں سے ان کی شناخت چھیننے کی کوشش کی،یہ یکطرفہ اقدام ناقابل قبول ہے جسے واپس لینا ہوگا،کشمیریوں نے اس بھارتی اقدام کو مسترد کردیا،اقوام متحدہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے۔
بدھ کو 5اگست 2019 کے سات سال مکمل ہونے پر یوم استحصال کشمیر کے موقع پروزارت امور کشمیر کے زیر اہتمام واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 5اگست 2019کو بھارت نے یکطرفہ طور پر جموں وکشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کی مذموم کوشش کی،اس اقدام سے بھارت کشمیریوں سے ان کی شناخت چھیننا چاہتا تھا،بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی بجائے اپنے ہی آئین کے تحت کشمیریوں کو حاصل اختیارات اور اس کی خصوصی حیثیت بھی چھیننے کی کوشش کی۔اس سے قبل 70سال میں بھارت نے کشمیریوں کو دبانے کا ہر حربہ استعمال کرکے دیکھ لیا
تاہم وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکا،وہاں کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان سے واسبتہ کررکھا ہے،وہ اپنے شہدا کو پاکستان کی پرچموں میں دفن کرتے ہیں،کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت کے تحت باہر سے آکر کوئی غیر ریاستی شخص کشمیر میں جائیداد نہیں خرید سکتا ہے،وہاں پر ڈومیسائل حاصل نہیں کرسکتاتھا،اب اس اقدام سے بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے،تاہم جب تک آخری پاکستانی اور کشمیری زندہ ہے،کشمیر کا مسئلہ زندہ رہے گا۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عمل کرائے،کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے۔امیر مقام نے کہا کہ کشمیر کے تنازعہ پر پاکستان اور بھارت کے درمیان تین جنگیں لڑی جاچکی ہیں،تاہم اس کے کئے 10جنگیں بھی لڑنی پڑیں لڑیں گے۔