پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے کی راہ ہموار ہو گئی

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔پاکستان اور امریکا کے درمیان مجوزہ تجارتی فریم ورک پر جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دونوں ممالک نے جلد از جلد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے، باقی ماندہ تکنیکی معاملات نمٹانے اور باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وزارتِ خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر سے ورچوئل ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تجارتی مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری پاکستان کی اہم ترجیح ہے۔ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ باقی ماندہ امور کو تکنیکی سطح پر جلد از جلد حل کیا جائے گا، جبکہ مذاکرات کی رفتار برقرار رکھنے اور تجارتی فریم ورک کو حتمی شکل دینے کے لیے قریبی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات پاکستان کی برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون سے تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع میں مزید اضافہ ہوگا، جس سے دونوں معیشتوں کو فائدہ پہنچے گا۔

ملاقات میں پاکستان اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے درمیان جاری تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تاکہ سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے مذاکرات میں پاکستان کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے لیبر اور ریگولیٹری اصلاحات کے شعبے میں قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے جبری مشقت سے متعلق قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور جلد ایک ایسے تجارتی فریم ورک کو حتمی شکل دی جائے گی جو دونوں ممالک کے کاروباری اور سرمایہ کاری مفادات کے لیے سودمند ثابت ہو۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.