مستونگ اور واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 12 دہشتگرد جہنم واصل
اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔سیکیورٹی فورسز کی 5 اور 6 اگست کو بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے، یہ کارروائیاں “ردِ فتنہ-3” کے تحت جاری آپریشنز کے سلسلے کا حصہ تھیں، جس کے دوران بھارتی حمائیت یافتہ دہشت گردوں کیخلاف بھرپور کارروائی کی گئی، آپریشنز میں 12 دہشت گرد ہلاک کئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اگست کو، بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے چھ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں، “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے تمام چھ دہشت گرد مارے گئے
6 اگست کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ ایک اور آپریشن کے دوران، مسلح افواج اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے، اس کارروائی میں دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن “عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔بلوچستان کے علاقے واشک اور مستونگ میں سیکورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 12دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں معاون محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ واشک اور مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گردوں کا انجام سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرات، قربانیاں اور عزم پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ حکومت بلوچستان ریاست دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو قومی اتحاد، مؤثر حکمتِ عملی اور فیصلہ کن کارروائیوں کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار استحکام کے قیام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ پوری قوت سے جاری رہے گا،دہشت گرد عناصر کے خلاف ہر کامیاب کارروائی اس عزم کا اظہار ہے کہ ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور بلوچستان کو ہر قیمت پر پرامن بنایا جائے گا۔