اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بتایا ہے کہ بحیرہ احمر میں حوثی باغیوں کی جانب سے ایک تجارتی بحری جہاز پر کیے جانے والے حملے میں 3پاکستانی شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحیرہ احمر میں ایک تجارتی بحری جہاز پر حملے کے نتیجے میں تین پاکستانی شہریوں کی ہلاکت اور ایک کے زخمی ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہاز پر حملے کے افسوسناک واقعے کے بارے میں گہری تشویش کے ساتھ اطلاع ملی ہے
دستیاب معلومات کے مطابق واقعے میں 3پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا ہے، پاکستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہے۔اسحاق ڈار نے غیر جنگی تجارتی بحری جہاز پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حملے بے گناہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور بحیرہ احمر میں آزادانہ بحری نقل و حرکت، سمندری سلامتی اور تجارتی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہیں
پاکستان واقعے کی مزید تفصیلات اور اس کے حالات جاننے کے لیے متعلقہ سعودی حکام اور یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت سے رابطے میں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ حکام کے ساتھ فوری رابطہ کاری کی جائے، سفارتخانے کو جاں بحق پاکستانی شہریوں کی میتیں واپس لانے اور انہیں پاکستان منتقل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات مثر انداز میں آگے بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے
، زخمی پاکستانی شہری کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا، واقعے کے حوالے سے مزید معلومات حاصل ہونے کے بعد متاثرہ پاکستانی شہریوں اور ان کے خاندانوں کی ضروری معاونت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔