اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے گزشتہ روز کے جی ایچ کیو کیس کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنانے اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں اتنا حوصلہ ہے کہ وہ غلط کو غلط اور درست کو درست کہتی ہے۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جی ایچ کیو کیس کے معاملے پر تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتی ہے اور واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنی چاہیے تاکہ حقائق واضح ہوسکیں، پارٹی کسی بھی معاملے میں حقائق سامنے لانے اور شفاف تحقیقات کی حمایت کرتی ہے، ہم میں اتنا دل گردہ ہے کہ غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہتے ہیں۔
عمران خان کی زندگی سے متعلق ایک وی لاگر کی جانب سے کیے گئے دعوں پر بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ جب وی لاگر خود کہہ رہا ہے کہ وہ عمران خان کے حوالے سے تصدیق نہیں کرسکتا تو ایسی باتیں کرنا مناسب نہیں، ایسے بیانات سے عوام میں تشویش پیدا ہوئی اور لوگوں نے بھی اس پر ردعمل دیا، بانی پی ٹی آئی تک ہر صورت رسائی فراہم کرنا ہوگی کیونکہ یہ ان کا قانونی حق ہے، عمران خان کے اہلخانہ، وکلا اور متعلقہ افراد کو ملاقات اور ضروری معلومات تک رسائی سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔