اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔پاکستان اور ناروے نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، قابلِ تجدید توانائی، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور گرین شپنگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے کے 13 اگست 2026 کو پاکستان کے سرکاری دورے کے موقع پر جاری کیے گئے پاک ناروے مشترکہ اعلامیے میں سامنے آیا۔اعلامیے کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی رابطوں کو باقاعدگی سے جاری رکھنے اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور ناروے نے فیصلہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 14واں دور دسمبر 2026 میں اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔ دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی رابطوں کے ذریعے دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔مشترکہ اعلامیے میں پاکستان اور ناروے نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے بندرگاہوں کے روابط اور شپنگ لنکس کو بہتر بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ ناروے میں پاکستانی آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس برآمدات میں اضافے کا خیرمقدم کیا گیا۔
دونوں ملکوں نے یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن (ای ایف ٹی اے) کے ساتھ مشترکہ اعلامیہ برائے تعاون کے تحت تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان اور ناروے نے عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کو مرکزی حیثیت دینے والے کثیرالجہتی تجارتی نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈبلیو ٹی او اصلاحات کے عمل کو بلا تاخیر رکن ممالک کی قیادت میں آگے بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ناروے کی سرمایہ کاری کے لیے قابلِ تجدید توانائی، کان کنی، آف شور تیل و گیس، آئی ٹی، آئی ٹی ای ایس، شپ بریکنگ اور ری سائیکلنگ سمیت مختلف شعبوں کی نشاندہی کی۔اعلامیے کے مطابق پاکستان اور ناروے نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے جاری تعاون میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ پاکستان نے قابلِ تجدید توانائی، پن بجلی، بائیو گیس اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زراعت کے شعبوں میں ناروے کی مہارت سے مزید استفادہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔