اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کسی صورت دھونس اور دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا تاہم جنگ کسی نہ کسی مرحلے پر ختم ہونی ہے اور بہتر یہی ہے کہ اسے آج ہی ختم کی جائے، جب ایران طاقت اور وقار کی پوزیشن میں ہے۔
ایرانی صدر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مذاکرات کے ذریعے طے پانے والا معاہدہ ایک بڑی کامیابی ہے جس کی ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے متفقہ طور پر منظوری دی ہے۔ ایرانی صدر پزشکیان نے کہا کہ معاہدے میں ایک بھی ایسی شق نہیں مل سکتی جو ایران کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کی نشاندہی کرتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایران امن کو مسترد نہیں کرتا تاہم دھوکے کے پیش نظر چوکس رہنا ضروری ہے اور ہم کسی صورت دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، آخری سانس تک ان کے خلاف کھڑے رہیں گے اور انہیں فیصلہ کن جواب دیں گے۔
انہوں نے جنگ اور بحری ناکہ بندی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مہنگائی اور معاشی مشکلات کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ ہمیں جنگ سے پیدا ہونے والی مہنگائی سمیت دیگر مسائل کیلئے تیار رہنا چاہیے اور اسے قبول کرنا چاہیے۔