ہماری منزل پاکستان کو مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے، شہباز شریف

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کرنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا خیرمقدم کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور تمام متعلقہ وزرا و حکام اس امر کے لیے لائق تحسین ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ریٹنگ میں بہتری اس کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے لیے حکومت کی مسلسل محنت اور اصلاحات کے نتیجے میں عالمی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے حکومت اصلاحات کا عمل مزید تیز کرے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ ہماری منزل پاکستان کو ایک مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.