سہولت سینٹر کے قیام سے انصاف کی فراہمی کا عمل مزید تیز ہو گا، چیف جسٹس

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے کہا ہے کہ سہولت سینٹر کے قیام سے انصاف کی فراہمی کا عمل تیز ہو گا،سہولت سینٹر کے قیام سے عوام کو کئی سہولتیں میسر آئیں گی، سینٹر کا مقصد سائلین اور وکلا کو فوری سہولتیں فراہم کرنا ہے،خواہش ہے یہ سینٹر ہر ضلع اور ہر تحصیل میں قائم کیا جائے، سہولت مرکز ملک کے ہر ضلع میں قائم کریں گے۔وہ پیر کو بلوچستان ہائیکورٹ کوئٹہ کے احاطے میں نئے تعمیر شدہ عوامی سہولت مرکز کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔

افتتاحی تقریب میں وفاقی آئینی عدالت کے جج جسٹس روزی خان بڑیچ، سپریم کورٹ کے ججز جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ، بلوچستان ہائیکورٹ کے ججز جسٹس اقبال کاسی، جسٹس گل حسن ترین، جسٹس سردار احمد حلیمی، جسٹس شوکت علی رخشانی، جسٹس محمد عامر نواز رانا، جسٹس عبد القیوم لہڑی اور جسٹس اللہ داد روشان، رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ ناصر خان یوسفزئی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، سیکرٹری خزانہ محمد جہانگیر کاکڑ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات بابر خان، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر، بلوچستان بار کونسل کے ممبران افضل حریفال ایڈووکیٹ اور راحب بلیدی، بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطا اللہ لانگو، جنرل سیکرٹری سید نجب الدین آغا، دیگر عہدیداران اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر شہید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور دیگر شہید وکلا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔چیف جسٹس پاکستان نے سہولت مرکز کا افتتاح کیا

ور اس کے مختلف شعبوں کا دورہ کرکے سائلین اور وکلا کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس یحییٰ آفریدی نے بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس محمد کامران خان ملاخیل کو سہولت مرکز کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نظام انصاف میں وسیع تر تبدیلی کی جانب اہم پیش رفت ہے، جس کا مقصد عدالت کے گرد گھومنے والے نظام کو شہری مرکزیت کے حامل نظام میں تبدیل کرنا ہے۔

ٹیکنالوجی کو عدالتی نظام میں بہترین انداز میں استعمال کرنا انصاف کی فراہمی کو مزید قابل رسائی، موثر اور سائلین کی ضروریات کے مطابق بنانے کا اہم ذریعہ ہے، تاہم ٹیکنالوجی کو اصلاحات کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے واضح کیا کہ ٹیکنالوجی بذاتِ خود اصلاحات نہیں، ٹیکنالوجی ذریعہ ہے جبکہ انصاف اصل مقصد ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ہر حال میں اس مقصد کو پیش نظر رکھنا ہوگا تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے انصاف کی فراہمی تیز، شفاف، موثر اور عوام دوست بن سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان آنا ان کے لیے باعثِ خوشی اور اعزاز ہے اور بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ محبت اور عزت سے نوازا ہے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.