اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات کی جانب سے بانی چیئرمین کے حوالے سے جاری کردہ اطلاعات غلط ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے مارچ 2025کے آرڈر کے باوجود بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ سے فیملی ممبرز و وکلا کی ملاقاتوں کا حق پورا نہیں کیا جا رہا۔سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کہ بانی چیئرمین سے فیملی ممبرز اور وکلا کی ملاقات ہونی چاہیے۔
جیل رولز بھی اس کی اجازت دیتے ہیں اور ہفتے میں دو ملاقاتوں کی اجازت ہونی چاہیے تھی، مگر ہائیکورٹ کے حکم پر ایک بار بھی عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان وکلا سے ملاقات کروائی جنہیں بانی چیئرمین نے خود منتخب نہیں کیا تھا۔ اکتوبر 2025سے بہنوں کی ملاقات بند کر دی گئی۔ نومبر میں ڈاکٹر عظمی کی ملاقات ہوئی اور اس کے بعد اگلی ملاقات 18اگست 2026کو ہوئی۔
سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ بانی چیئرمین کو شفا ہسپتال منتقل کیا جائے اور ڈاکٹر عظمی و ڈاکٹر فیصل کو اجازت تھی کہ وہ ہسپتال میں ساتھ رہیں۔ سلمان صفدر کی فروری اور اپریل میں ملاقات ہوئی۔ بانی چیئرمین پر 300سے زائد کیسز ہیں مگر صرف ایک وکیل کو ملاقات کی اجازت ملی۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ انہیں خود عدالت نے ملاقات کی اجازت دی تھی مگر جیل انتظامیہ نے ملنے نہیں دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آرڈر جاری کیے مگر ان پر عمل درآمد نہیں کروا سکی۔پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ بانی چیئرمین 5اگست 2023سے جیل میں ہیں۔