اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔تین روزہ پشتون قومی جرگہ کوئٹہ میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتون قوم کے مسائل کا حل کسی ایک جماعت یا شخص کے بس کی بات نہیں، اس کے لیے اتحاد اور اجتماعی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ موجودہ اجتماع کسی ایک پارٹی کا نہیں بلکہ پوری پشتون قوم کی بقا اور مستقبل کا نمائندہ جرگہ ہے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان تمام اقوام کا مشترکہ ملک ہے
، یہاں کوئی آقا اور غلام نہیں ہونا چاہیے۔ طاقت کے ذریعے کسی قوم کو وقتی طور پر خاموش کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے بنیادی حقوق کو ہمیشہ کے لیے دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پشتون دہشت گرد نہیں بلکہ امن پسند، مہمان نواز اور انسان دوست قوم ہیں، پشتون سرزمین کو پراکسی جنگوں اور عالمی طاقتوں کے مفادات کے لیے استعمال کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا کی وارداتوں نے عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں، ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد بحال کرنے کے لیے سویلین اداروں کو مثر کردار دینا ہوگا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک کو درپیش بحرانوں کا حل آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، عدلیہ کی آزادی اور ووٹ کے احترام میں ہے۔ تمام ریاستی ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر فرائض انجام دیں۔ غیر نمائندہ انتظامات اورانتخابی نتائج میں مداخلت سے ملک میں سیاسی استحکام پیدا نہیں ہوسکتا، جبکہ عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیے بغیر نہ معیشت مستحکم ہوگی اور نہ ہی شہریوں کا اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتون علاقوں کے قدرتی وسائل، بالخصوص لیتھیم، سونے، تانبے اور کوئلے پر پہلا حق مقامی عوام کا ہے۔ مقامی آبادی کی مرضی کے بغیر قدرتی وسائل کی الاٹمنٹ یا کسی قسم کے معاہدے قبول نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پہاڑ معدنیات سے مالا مال ہیں لیکن وسائل سے مالامال علاقوں کے نوجوان روزگار کی تلاش میں بیرون ملک مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔
افغانستان کے حوالے سے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ افغانستان کا امن پورے خطے، بالخصوص پاکستان اور پشتون علاقوں کے امن سے جڑا ہوا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کو باہمی احترام اور عدم مداخلت کی بنیاد پر اپنے مسائل حل کرنے چاہئیں۔
سرحد کے دونوں اطراف عوام کے خاندانی اور معاشی روابط میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے بجائے قانونی تجارت کو سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پشتونوں کو دوسروں سے شکایت کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی داخلی کمزوریوں اور باہمی اختلافات کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔
قوم کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے اتحاد، سیاسی شعور اور جمہوری جدوجہد کو مضبوط بنانا ہوگا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جرگے کی سفارشات اور فیصلے محض تقریروں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ان پر عملدرآمد کے لیے مختلف سطحوں پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ اختتامی سیشن کے دوران انہوں نے جرگے کی قراردادیں اور فیصلے شرکا کے سامنے پیش کیے جن کی متفقہ تائید کی گئی۔