اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے بحرانوں کے پرامن حل، تحمل اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مکہ معاہدے کے تحت تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے، اجتماعی دفاع اور مشترکہ سلامتی کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیاہے، تینوں ممالک دفاعی صنعت، مشترکہ ٹیکنالوجی کی تیاری اور مسلح افواج کی استعداد بڑھانے کے لیے تعاون مزید بڑھائیں گے
،فیلڈمارشل سیدعاصم منیرکادورہ ایران پاکستان کی امن کوششوں کا حصہ تھا،دورہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کامظہرہے،عالمی ثالثی عدالت نے سند ھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے موقف کی تائیدکی،اگلے سال پاکستان ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا
پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ کا موضوع وژن کو عمل میں بدلنا، رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی ہے۔دفترخارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے بدھ کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بشکیک میں ہیں جہاں انہوں نے کرغزستان کے صدر صدیر جاپاروف سے ملاقات کی ہے، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، معیشت، سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر صدیر جاپاروف نے مشترکہ پریس ٹیک آؤٹ میں دونوں ممالک کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت اجلاس اور ایس سی او پلس سمٹ میں شرکت کی
،وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایس سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے ہم منصبوں اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایس سی او کے سیکریٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقاتیں کیں۔