اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بدھ کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی کابینہ کے اراکین اور حکومتی و اپوزیشن اراکین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، بلوچستان کی ترقی، عوامی مسائل اور صوبے میں جمہوری و پارلیمانی روایات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کوئٹہ آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بلوچستان آمد ہمارے لیے باعث مسرت اور باعث عزت ہے۔
بلوچستان سب کا گھر ہے اور صوبے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جمہوری روایات، باہمی احترام اور سیاسی برداشت کی روایت قائم ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر تنقید ضرور کرتے ہیں تاہم اخلاقی اقدار، شائستگی اور عزت و احترام کی مضبوط روایات موجود ہیں۔ اختلاف رائے جمہوریت کا بنیادی حسن ہے اور اپوزیشن کا حکومت پر تنقید کرنا اس کا جمہوری حق ہے، تاہم سیاسی اختلافات کو باہمی احترام کے دائرے میں رکھنا بلوچستان کی مثبت سیاسی روایت کا حصہ ہے
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن اراکین کا ایک ساتھ بیٹھنا بلوچستان کے مثبت سیاسی کلچر اور جمہوری پختگی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کا باہمی احترام اور مل بیٹھ کر بات چیت کرنا بلوچستان کے بارے میں بیرونِ صوبہ اور بیرونِ ملک سے آنے والے مہمانوں کو ایک مثبت پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان میں برداشت، رواداری اور باہمی احترام کی یہ روایت مستقبل میں بھی مضبوط ہوتی رہے گی
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلق اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے ان کا تعلق صرف سیاسی نہیں بلکہ جذباتی اور خاندانی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے ان کے خاندان کی تین نسلوں کا تعلق ہے اور اس صوبے کے ساتھ محبت نسل در نسل چلی آ رہی ہے سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان ان کے لیے اجنبی نہیں، یہاں کے لوگوں سے ان کا دیرینہ اور گہرا تعلق ہے۔