اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔زیارت،خنائی کراس سے زیارت تک زیرِ تعمیر سڑک پر کام کرنے والی نجی تعمیراتی کمپنی این پی آئی کی ہیوی مشینری کو مبینہ حملے کے دوران نذرِ آتش کر دیا گیا۔
کمپنی حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والی بھاری مشینری کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد مشینیں جل کر خاکستر ہوگئیں اور کمپنی کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور مبینہ طور پر کمپنی کی دو پک اپ گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ تعمیراتی کام سے وابستہ دو افراد کو بھی ساتھ لے جانے کی اطلاع ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ تعمیراتی منصوبے پر کام بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واقعے کی مزید تفصیلات اور حملہ آوروں سے متعلق معلومات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔