اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ پہاڑ نہیں، سڑک اور کلاشنکوف نہیں، قلم وکتاب ہمارا ہتھیار ہے۔ اس جدوجہد میں ہر بلوچ، ہر پشتون، ہر مظلوم اور اقلیتی برادری ہمارا ساتھ دے۔ عوام ترقی، خوشحالی،امن اور انصاف کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔حکومت، اختیار اور قومی خزانہ ہمارے حوالے کیا جائیہم ثابت کریں گے کہ کوئی فرد بے روزگار نہیں رہے گا
بدامنی،بے روزگاری اور بدعنوانی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام قوم پرست،مذہب پرست،قومی و مقامی سیاسی جماعتوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ جماعت اسلامی کی طرح نوجوانوں کو ہنر اور تعلیم فراہم کرکے دکھائیں، یتیموں کی کفالت کرکے دکھائیں، معیاری ہسپتال اور کامیاب تعلیمی ادارے قائم کرکے دکھائیں۔ عوام نے ووٹ کے ذریعے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو ہم بلوچستان میں مزید عوامی اور انقلابی تبدیلی لائیں گے۔ہم سیاست کو اقتدار کے حصول کے بجائے عوام کی خدمت، تعلیم، صحت، روزگار اور خوشحالی کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیرآباد میں الخدمت فانڈیشن بلوچستان کے بنو قابل سرٹیفکیٹس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان وامیرضلع نصیر آباد بشیر احمد ماندائی،پروفیسر محمد ابراہیم ابڑو،لعل بخش کھوسہ صدر کسان بورڈ بلوچستان،باز محمد صابر صدر تنظیم اساتذہ بلوچستان الخدمت بنوقابل پروگرام ڈائریکٹر طیب فریدخان،سیٹھ تارا چند صدر ہندو پنچائت نصیر آبادکامریڈ تاج بلوچ صدر انجمن تاجران غلام حسین تنیو صدر الخدمت نصیر آباد،خاوند بخش مینگل امیر شہر ڈیرہ مراد جمالی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات اور نوجوانوں اورمعززین میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے مزید کہا کہ تعلیم و ترقی کی راہ میں غربت اور مایوسی کو رکاوٹ نہ بننے دیں۔ تشدد اور نفرت کا راستہ اختیار نہ کریں۔