اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔یوم دفاع و شہداء پر افواج پاکستان نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غازیوں اور شہدا کے اہلخانہ کے لئے اظہار تکریم و تشکر کیا ہے اور آئی ایس پی آرنے کہا ہے کہ شہدائے پاکستان فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کی علامت ہیں۔افواج پاکستان نے غازیوں اور شہداء کے اہلخانہ کے لئے اظہار تعزیت کیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، جنرل عامر رضا سمیت مسلح افواج کا شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔مسلح افواج کی جانب سے غازیوں اور شہدا کے اہلخانہ کے لئے اظہار تکریم و تشکر کیا گیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق 6 ستمبر قومی اتحاد، عزم اور جرات کی لازوال علامت ہے، 1965 کی جنگ میں پاکستانی قوم مادر وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہوئی، شہدائے پاکستان فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کی علامت ہیں، میدان جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق شہدا کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں، شہدا کے خاندان استقامت اور حوصلے کی پائیدار علامت ہیں۔پاکستان کے غازیوں کو بھی خراج تحسین، جو بہادری اور ثابت قدمی سے ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں اور پرامن بقائے باہمی کے لیے پرعزم ہے، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔مسلح افواج نے پاکستان اور پاکستانی عوام سے غیر متزلزل وفاداری اور خدمت کا عہد تجدیدکرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہدا کے خاندانوں کی استقامت قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گے ۔ افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔