بلوچستان مزید کسی انتشاربدامنی اور تباہی کا متحمل نہیں ہوسکتا، مولانا واسع

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی صوبائی مجلس عاملہ و پارلیمانی اراکین کا مشترکہ اجلاس صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کی زیرِ صدارت صوبائی سیکرٹریٹ جناح ٹاؤن کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلوچستان کی موجودہ انتہائی تشویشناک، غیر یقینی اور بحرانی صورتحال کا مختلف پہلوؤں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، مسلسل جانی نقصانات، عوامی مشکلات، معاشی تباہی اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے ناقابلِ تلافی نقصانات پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس نے دہشت گردی اور بدامنی کے واقعات میں سیکورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی شہادتوں پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔اجلاس میں اس امر پر واضح کیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان موجودہ سنگین حالات میں تمام سیاسی مصلحتوں یا جماعتی تحفظات کو پس پشت ڈال کر صوبے کو موجودہ بحران سے نکالنے، امن و امان کی بحالی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بلوچستان کے وسیع تر مفاد کے لیے جو بھی سنجیدہ، آئینی، جمہوری اور مثبت اقدامات ضروری ہوں، جمعیت علماء اسلام ان میں اپنے تمام سیاسی تحفظات سے بالاتر ہوکر ہر ممکن معاونت اور حمایت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

اجلاس نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کسی مزید انتشار، تصادم، بدامنی اور تباہی کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس لیے تمام سیاسی قوتوں، ریاستی اداروں اور حکومتی ذمہ داران کو ذاتی، گروہی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہوکر صوبے کے مستقبل اور عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح بنانا ہوگی۔اجلاس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں جاری عوامی بحران، بدامنی، کاروباری سرگرمیوں کی بندش، روزگار کے مواقع میں کمی اور بنیادی سہولیات کی ابتر صورتحال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ مسلسل بدامنی نے پہلے ہی صوبے کی معیشت، تجارت، زراعت اور معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ حالیہ واقعات کے نتیجے میں قومی شاہراہوں، پلوں، سڑکوں اور دیگر اہم سرکاری و عوامی انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.