اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ کسانوں، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) اور ہاؤسنگ سیکٹر کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں، جبکہ حکومت قرضوں کی فراہمی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ وزیراعظم نے کسانوں کو بلا رکاوٹ مالی وسائل تک رسائی اور کم آمدن و متوسط طبقے کے لیے سستی رہائش کی فراہمی کو حکومت کی ترجیحات میں شامل قرار دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مالیات تک رسائی منصوبہ 2036-28ء کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم اپنا گھر اسکیم، زرعی شعبے اور ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے فنانسنگ کی فراہمی سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے اس کے فروغ اور کسانوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسانوں کو آسان شرائط پر بلا رکاوٹ مالی وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے کم آمدن اور متوسط طبقے کے لیے سستی ہاؤسنگ کی فراہمی کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسی املاک کا جامع سروے کرایا جائے جہاں بینک وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت گھر کے خواہشمند افراد کو قرضے فراہم کرسکیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک 147,504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 53,127 درخواستیں منظور کی جاچکی ہیں۔
منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313.42 ارب روپے ہے، جبکہ 8,739 درخواست گزاروں کو 45.43 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق ملک بھر میں ایسے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے نظام تیار کیا جارہا ہے جو مورگیج کی شرائط پوری کرتے ہوں، جس کا پائلٹ منصوبہ اسلام آباد سے شروع ہوگا۔
وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کو مزید مربوط بنانے کے لیے معروف ہاؤس ڈویلپرز کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کا مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی شعبے کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضوں کا حجم اگست 2026 میں 1.268 ٹریلین روپے رہا، جبکہ مالیات تک رسائی کے منصوبہ 2026-28 کے تحت جون 2028 تک زرعی قرضوں کا ہدف 2 ٹریلین روپے مقرر کیا گیا ہے۔