دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ریاستی ادارے اور عوام متحد ہیں، شاہد رند

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے قلات کے قریب دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنا اہم کامیابی ہے۔

 

اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا، جو قابلِ تحسین اور بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران قومی شاہراہ پر عوام کی پُرامن آمدورفت متاثر کرنے کی دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

 

معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور نے کہا کہ کارروائی میں اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی۔

دہشت گردوں کے ٹھکانے سے چھ ٹرک، تین بسیں اور دو گاڑیاں بھی برآمد ہوئیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد قبضے میں لیا گیا۔شاہد رند نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی ادارے اور عوام متحد ہیں۔

 

بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اور بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ بلوچستان کے عوام امن، استحکام اور معمول کی پُرامن زندگی کے خواہاں ہیں، اور ریاستی ادارے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.