کے پی کا متنازعہ پولیس ایکٹ سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے،طلال چوہدری

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خیبرپختونخوا حکومت کے مجوزہ ترمیم شدہ پولیس ایکٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا باضابطہ اعلان کر تے ہوئے کہاہے کہ ، آئین و قانون کے تحت صوبے اپنی الگ فوج یا پولیس نہیں بنا سکتے اور نہ ہی پولیس سروس آف پاکستان کے بنیادی قواعد و ضوابط میں کوئی صوبہ یکطرفہ تبدیلی کر سکتا ہے۔ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ مجوزہ ایکٹ ابھی صرف صوبائی کابینہ سے منظور ہوا ہے لہذا خیبرپختونخوا حکومت کے لئے بہتر ہوگا کہ وہ ہوش کے ناخن لے کیونکہ وفاق کے پاس اس کے تدارک کے لئے تمام آئینی و قانونی آپشنز موجود ہیں اور اس متنازعہ ایکٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے نہ صرف انسپکٹر جنرل آف پولیس کے اختیارات سلب کئے ہیں بلکہ فورس کا پورا کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹرکچر ہی تباہ کر کے رکھ دیا ہے، مجوزہ مسودے میں واضح طور پر سیاسی مداخلت اور بدنیتی نظر آ رہی ہے جس کے ذریعے وزیراعلیٰ نے ڈی ایس پی سے لے کر آئی جی پی تک تمام تقرر و تبادلے کے اختیارات اپنی جیب اور سیاسی جماعت کے تابع کرنے کی مذموم کوشش کی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کمانڈ سٹرکچر ہی ختم ہو گیا تو کیا پولیس فورس اب اپنے پیشہ ور افسران کے بجائے سیاسی نمائندوں کی طرف دیکھے گی اور ایسی صورت میں دہشت گردی کے خلاف موثر جنگ کیسے لڑی جائے گی؟

طلال چوہدری نے نشاندہی کی کہ پولیس افسران کی تعیناتیوں سے متعلق عمومی مشاورت اور ہدایات کے اختیارات پہلے سے ہی تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے پاس موجود ہیں لیکن بنیادی کمانڈ کو منسوخ کرنا غیر آئینی ہے۔ کے پی حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا گزشتہ 15سے 20سالوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ آج بھی کرائے کی عمارتوں میں قائم ہے اور فورس کو ضروری وسائل سے محروم رکھا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق پر الزامات کے جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ صوبائی قیادت دعویٰ کرتی ہے کہ ان کا وزیر اٹھایا گیا، اگر صوبائی حکومت اس قدر بے بس اور لاچار ہے تو پھر اقتدار اور کرسیوں سے کیوں چمٹی ہوئی ہے؟

دارالحکومت میں امن و امان اور سڑکوں کی بندش سے متعلق زیرِ گردش افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اسلام آباد آنے والے تمام 125راستے مکمل طور پر کھلے اور ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے بحال ہیں۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ نے پولیس ایکٹ 2026 کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی ہے جس کے تحت صوبائی پولیس کے سربراہ کی تعیناتی سمیت پولیس کے پالیسی، انتظامی، آپریشنل اور مالیاتی معاملات میں صوبائی حکومت کے اختیارات کو وسیع تر کرنے کی تجاویز شامل کی گئی ہیں۔ مجوزہ قانون کے تحت صوبائی آئی جی کی تقرری کے لیے وفاقی حکومت تین افسران کا پینل صوبائی حکومت کو ارسال کرے گی، جس میں سے صوبائی حکومت کو کسی ایک افسر کا انتخاب کرنے یا پورے کے پورے پینل کو یکسر مسترد کرنے کا حتمی اختیار تجویز کیا گیا ہے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.