اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم جماعت اسلامی سے بات چیت کریں نہ کریں اس سے غرض نہیں، اپنے وعدے کے مطابق عوام کو ریلیف دیں، فی لیٹر پٹرول پر ایک سو پنتیس روپے کی لیوی اور دیگر ٹیکسز ختم کیے جائیں،شہباز شریف کے پابند نہیں، مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پہلے سے زیادہ قوت سے لانگ مارچ کا آغاز ہوجائے گا۔
منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خیبر پختونخواہ میں گورنر راج، ایمرجنسی لگانے کی گردش کرتی اطلاعات کی پرزور مذمت کی۔ انہوں نے صومالیہ میں بحری قذاقوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے تین پاکستانیوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ حکومت کی نااہلی سے یہ افسوسناک سانحہ رونما ہوا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ اور ڈپٹی سیکرٹری رسل خان بابر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لیوی کے خلاف تحریک جاری ہے، وزیراعظم فوری طور پر لیوی کے خاتمہ کا اعلان کریں
ایسا نہ ہوا تو ملتان سے ہی زیادہ پُرزور لانگ مارچ شروع ہوجائے گا جس میں سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب کے قافلے شریک ہونگے، جو لاہور سے ایک بڑے کارواں کی شکل اختیار کریگا، خیبرپختونخوا سے بھی قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔ مختلف شہروں میں جلسے ہورہے ہیں، دستخطی مہم بھی جاری ہے، لیوی کے خلاف دوکروڑ سے زائد دستخط لیے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف وطن پہنچ گئے ہیں، دیکھتے ہیں وہ کیا ریلیف دیتے ہیں، ٹال مٹول قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام میں کہیں ذکر نہیں ہے کہ لیوی ختم نہ کی جائے، حکومت ایف بی آر کی نااہلی کی سزا عام آدمی کو دے رہی ہے
آمدن کے اہداف پورے کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو یقین دہانیاں کرائی جارہی ہیں، عالمی ادارہ کی جانب سے سود کم نہ کرنے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، حکمران غلاموں کی طرح اسے سود کم کرنے کی یقین دہانیاں کرارہے ہیں، سود میں کمی کا مہنگائی سے کوئی تعلق نہ آئی ایم ایف کا مطالبہ، حکمران اپنی عیاشیاں کم کریں، عوام ان کی شاہ خرچیوں کا بوجھ برداشت نہیں کریں گے، کیا وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی ایم ایف کی اجازت سے گیارہ ارب کا جہاز خریدا؟ شنگھائی کانفرنس کے لیے چھ ارب کی بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جارہی ہیں، کانفرنس کے بعد یہ گاڑیاں کس کے استعمال میں ہوں گی؟ کیا ملک میں بلٹ پروف گاڑیوں کی کمی ہے کہ نئی منگوائی جارہی ہیں؟ ۔