لانگ مارچ کو اسلام آباد کی حدود میں داخل ہونے نہیں دیا جائیگا، وفاقی وزراء
اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کے پی حکومت کی تعاون کی یقین دہانی کرانے میں ناکامی پر مذاکرات ناکام ہوئے۔ایک انٹرویومیں طلال چوہدری نے کہا کہ کے پی حکومت دہشت گردی کی جنگ میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں کرنا چاہتی۔انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے معاملے پر پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کے پی کے ٹیم سے مایوس ہوئی۔
داخلہ طلال چوہدری نے کہاکہ دہشت گردی کی جنگ پاکستان کے استحکام کی جنگ ہے، اس میں تعاون کریں۔وزیراعظم کے کوآر ڈینیٹر اختیار ولی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ہمیشہ بات کو سمجھنے میں دیر کردیتی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی نے کہاکہ پاکستان میں ہمیشہ کے لیے دھرنے اور انتشارکی سیاست کی گنجائش ختم کردی گئی ہے، امید ہے اچھی خبریں آئیں گی۔ انہوں نے کہاکہ مذاکرات کی میز پرآنا ہی بڑی بات ہے، وزیراعظم نے کئی بار پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دے کر بڑے دل کا مظاہرہ کیا، ہماری اتحادی جماعتوں کا کردار بھی لائقِ تحسین رہا۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو اسلام آباد کی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی امور پر مشیر رانا ثناء اللہ نے کہاکہ مذاکرات کا بنیادی محور خیبر پختونخوا میں امن و امان اور دہشت گردی کی صورت حال تھا۔رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ حکومت کا مطالبہ تھا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف موثر کردار ادا کرے، تاہم اپوزیشن اس معاملے پر تعاون پر آمادہ نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے معاملے پر حکومت نے لچک دکھائی، لیکن دیگر اہم امور پر اتفاق نہ ہو سکا۔
رانا ثنا ء اللہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا مجوزہ لانگ مارچ اسلام آباد کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ جن نکات پر اتفاق نہیں ہو سکا وہ سب کے سامنے ہیں، تاہم دہشت گردی کے خلاف تعاون کی صورت میں مستقبل میں مذاکرات کا دروازہ کھلا رہ سکتا ہے۔