دہشتگردی کیخلاف جنگ میں حکومت اور عوام ایک صفحے پر ہیں، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(اُستمان نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ضروریات ہمیشہ مقدم ہیں، ملک کے دفاع، قومی سلامتی اور استحکام کے لیے بلوچستان اپنی ضروریات اور وسائل میں سے حصہ دینے کے ساتھ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ پاکستان نے حال ہی میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف جنگ لڑی ہے جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی ایک پیچیدہ سکیورٹی صورتحال کا سامنا ہے، جس میں سکیورٹی فورسز بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں۔ حکومت بلوچستان اور صوبے کے عوام ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ملکی دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پی بی 39 نواں کلی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ میر سرفراز بگٹی اسپورٹس کمپلیکس کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ عموماً ایسے منصوبوں کی افتتاحی تقریبات میں شرکت کو ترجیح دیتے ہیں جو مکمل ہو چکے ہوں، تاہم نواں کلی اسپورٹس کمپلیکس کی تاخیر اور اس سے جڑے مسائل کے باعث انہوں نے خود اس منصوبے کی سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کا فیصلہ کیا تاکہ اس کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرکے عملی کام کا فوری آغاز یقینی بنایا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبہ گزشتہ چھ سے سات ماہ سے زمین کے مسائل اور دیگر انتظامی و بیوروکریٹک رکاوٹوں کے باعث تاخیر کا شکار رہا۔ عوامی فلاح کے منصوبوں میں غیر ضروری سرخ فیتے اور انتظامی پیچیدگیوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کمشنر کوئٹہ کو منصوبے کی ٹاسک فورس کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا کام آج ہی شروع کیا جائے اور تمام متعلقہ ادارے اس کی بروقت تکمیل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

میر سرفراز بگٹی نے سیکریٹری کھیل اور سیکریٹری مواصلات و تعمیرات کو ہدایت کی کہ منصوبے کی مالیاتی تخصیص میں اضافہ کیا جائے، حکومت مطلوبہ فنڈز فراہم کرے گی تاہم ایک سال بعد اسی تاریخ کو اس منصوبے کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نوجوانوں کے لیے اس اہم منصوبے کی تعمیر میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کی تکمیل میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیلوں کے میدان آباد کرکے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارا اور انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھا جاسکتا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں، تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بھلائی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں، اس مقصد کے لیے وہ ہر ممکن ذمہ داری قبول کرنے کے لیے تیار ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی عوامی خدمات اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختلف ذمہ داریاں پوری لگن اور احساس ذمہ داری کے ساتھ نبھائی ہیں۔ کوئٹہ کے ٹراما سینٹر، سول ہسپتال، باچا خان ہسپتال، مفتی محمود ہسپتال اور دیگر طبی اداروں سے متعلق دی گئی ذمہ داریوں پر ان کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔

بخت محمد کاکڑ ایک متحرک اور محنتی عوامی نمائندے ہیں اور ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کو اس وقت مالیاتی مشکلات اور متعدد قومی و صوبائی ذمہ داریوں کا سامنا ہے، تاہم عوامی ترقی اور نوجوانوں کے مستقبل کے لیے وسائل کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے تقریب میں شریک عوامی نمائندوں، افسران اور علاقہ مکینوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام علاقوں کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی دہشت گردی کے خلاف جس عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود، صوبے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

مجھے فخر ہے کہ میں ان کی ٹیم کا حصہ ہوں اور عوامی خدمت کے اس مشن میں اپنا کردار ادا کر رہا ہوں صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہیں اور جب بھی ہم نے عوامی مشکلات اور ضروریات ان کے سامنے رکھی ہیں، انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کیے۔ ان کی قیادت میں صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں
کو عملی شکل دینے کے لیے کام کر رہی ہے بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کو دہشت گردی سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم وزیر اعلیٰ بلوچستان نے امن و استحکام کے قیام اور صوبے کی ترقی کے لیے واضح عزم کا اظہار کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور عوام ایک صفحے پر ہیں اور ہم صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے سمیت مختلف عوامی منصوبوں میں وزیر اعلیٰ کی خصوصی دلچسپی اور بروقت رہنمائی سے عملی پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔

حکومت بلوچستان عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ نواں کلی میں جدید اسپورٹس کمپلیکس کا قیام نوجوانوں کے لیے ایک اہم سہولت ثابت ہوگا۔ کھیلوں کے میدان آباد کرنے سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملیں گے اور انہیں مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے گا بخت محمد کاکڑ نے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا عوامی خدمت کے لیے تعاون اور سرپرستی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت کی ٹیم عوامی توقعات پر پورا اترنے اور بلوچستان کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ تقریب سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور دعا کی۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.