رحیم یارخان(اُستمان نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صرف جنوبی پنجاب کے صوبے کی حد تک بات ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے4 ٹکڑوں کے حق میں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت انتقامی سیاست کا نہیں، جنوبی پنجاب صوبےکے حق میں ہوں، نہ ہی یہ وقت نفرت، تقسیم کی سیاست کا ہے، یہ وقت عوام کےمسائل حل کرنے کا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پہلے کی طرح اب بھی عوام کوتنہا نہیں چھوڑیں گے، صرف جنوبی پنجاب کی حدتک صوبوں کی بات مانتا ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام پریشان ہیں، دو وقت کی روٹی کھائیں یا ادویات خریدیں، کسان، کاشتکار، مزدور پریشان ہیں، صوبہ بیک ڈور سے نہیں بنائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے کی حمایت اس لیے کرتے ہیں کیونکہ پنجاب اسمبلی اور یہاں کے عوام یہی چاہتے ہیں، پنجاب کے عوام اور اسمبلی کوئی فیصلہ کریں تو ان کے ساتھ ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور ہماری جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی، اداروں کو یہ سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کے اصل مسائل کی طرف توجہ دیں۔