کوئٹہ
نئے تربیت یافتہ کانسٹیبلز کے اعزاز میں اسناد تقسیم کرنے کی پروقار تقریب کا انعقاد
کوئٹہ :محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و انسداد منشیات بلوچستان کے زیر اہتمام لیویز ٹریننگ سینٹر خضدار سے تربیت مکمل کرنے والے کانسٹیبلز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں انہیں اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن و انسداد منشیات کوئٹہ جناب محمد ایوب ہزارہ تھے، جب کہ دیگر معزز شرکاء میں ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز جناب نصیر اللہ خان مندوخیل، ای ٹی او-II جناب نیاز احمد، ای ٹی او-IV جناب جہانزیب جمیل، اور ای ٹی او-VI محترمہ نَجویٰ غنی شامل تھیں۔
تقریب میں افسران، ٹریننگ اسٹاف، اور دیگر معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ یہ تقریب صرف اسناد کی تقسیم تک محدود نہیں، بلکہ ان نوجوانوں کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ جذبے کا عملی اعتراف ہے، جنہوں نے لیویز ٹریننگ سینٹر خضدار میں اپنی تربیت کامیابی سے مکمل کی۔
تربیت کے دوران ان اہلکاروں کو نہ صرف جسمانی مشقیں کروائی گئیں بلکہ انہیں اخلاقی، قانونی اور پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے حوالے سے بھی مکمل تربیت دی گئی۔ خاص طور پر منشیات کے خلاف جنگ، مشکوک سرگرمیوں کی شناخت، اسلحہ کے استعمال، اور قانون نافذ کرنے کے جدید طریقوں سے روشناس کروایا گیا۔
مقررین نے مزید کہا کہ یہ نوجوان کانسٹیبلز اب محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و انسداد منشیات کی اہم صفوں میں شامل ہو چکے ہیں، اور ان کی ذمہ داری صرف وردی پہننے تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کو منشیات جیسے ناسور سے پاک کرنا، غیر قانونی گاڑیوں کی روک تھام، اور ٹیکس نظام کی شفافیت کو یقینی بنانا بھی ان کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
محکمہ کے سینئر افسران نے تمام تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کو دلی مبارک باد دی اور ان کے انسٹرکٹرز و تربیتی عملے کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر جوانوں نے یہ عزم کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں مکمل دیانتداری، جذبے اور قومی فریضے کے تحت انجام دیں گے۔
Comments are closed.