اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ دھرنے میں بیٹھے محب وطن اور پاکستان سے محبت کرنے والے کشمیری مذاکرات کی طرف آئیں،آزادکشمیر میں دو مراحل میں پرامن انتخابات کے انعقاد سے جمہوریت،کشمیری عوام اور ریاست کی کامیابی ہوئی ہے،میثاق جمہوریت کے روح کے منافی بیانیہ بنانے پر بلاول بھٹو کو نوٹس لینا چاہیے،آزادکشمیر کی تاریخ کے صاف وشفاف آزادانہ و منصفانہ انتخابات کرانے پر الیکشن کمیشن،انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،عوام نے مسلم لیگ (ن)کی قیادت اور جماعت پر جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر انہیں مایوس نہیں کریں گے،جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کریں گے
آزاد کشمیر کی آنے والی حکومت تمام عوامی مسائل کا حل یقینی بنائے گی، 10تاریخ کو انتخابات کے تیسرے مرحلے کے فوری بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں آزاد کشمیر اور مہاجرین کے 20حلقوں میں انتخابی عمل مکمل ہوا،دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن)نے 23نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی،مسلم لیگ (ن)نے آزاد کشمیر میں سادہ اکثریت حاصل کرلی ہے۔میرپور ڈویژن کی 9اور مظفرآباد ڈویژن کی 7نشستوں میں سے 4پر مسلم لیگ (ن)،3نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے،مہاجرین کی 12میں سے 10نشستوں پر مسلم لیگ (ن)اور 2نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے میرپور میں شکست کے بعد دھاندلی کا بیانیہ بنانا شروع کیا،پیپلز پارٹی پہلے 13حلقوں میں دھاندلی کا الزام لگاتی رہی، ثبوت مانگنے پر پیپلز پارٹی کا دھاندلی کا دعویٰ 13سے 4حلقوں تک آگیا
مزید شواہد مانگے گئے تو دھاندلی کا دعویٰ صرف 2حلقوں تک رہ گیا،وہاں بھی ن کے امیدوار کے حلقہ میں 90فیصد پولنگ کی بات کی جبکہ ہم نے انہیں بتایا کہ ان کے اپنے امیدوار کے آبائی پولنگ سٹیشنوں پر 96فیصد ووٹ پول ہوئے ہم نے فرانزک کروانے کی پیش کش بھی کی۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہوا،کامیاب امیدواروں سمیت انتخاب ہارنے والے تمام امیدوار بھی مبارکباد کے مستحق ہیں، آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ سے حکومت واضح طور پر وجود میں آئیگی،مسلم لیگ (ن)کی حکومت آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع کرے گی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میاں نواز شریف کے وعدے کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔