خواتین کی تعلیم و ترقی کے بغیر معاشرے کی حقیقی ترقی ممکن نہیں، میر ضیاء لانگو

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچ خواتین ہماری ثقافت، تعلیم اور سماجی اقدار کی مضبوط بنیاد ہیں، جنہوں نے نئی نسل کی تعلیم و تربیت، روایات کے تحفظ اور معاشرے میں وقار، عزت اور مثبت اقدار کے فروغ میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے خواتین ونگ کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ خواتین نہ صرف اپنے خاندان کی طاقت ہیں بلکہ بلوچستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کی امید بھی ہیں خواتین کی تعلیم، ترقی اور بااختیاری کے بغیر معاشرے کی حقیقی ترقی ممکن نہیں بلوچستان کی خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور صوبے کی ترقی میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشرے میں مزید فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ خواتین کی تعلیم، ہنرمندی اور معاشی خودمختاری کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر میر صادق عمرانی کی جانب سے بلوچستان عوامی پارٹی کی خاتون رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا الفاظ کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی سے واقعے کا نوٹس لینے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں نکت اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ وہ صوبائی وزیر میر صادق عمرانی کی جانب سے خاتون رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ کے خلاف استعمال کیے گئے نازیبا الفاظ کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاتون رکن اسمبلی کے بارے میں اس نوعیت کے الفاظ کا استعمال قابل افسوس اور اسمبلی کے تقدس کے منافی ہے۔صوبائی وزیر داخلہ نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر)عبدالخالق اچکزئی سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں اور اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ میر صادق عمرانی کے الفاظ سے خاتون رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ کی دل آزاری ہوئی ہے، جس کا ازالہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی ایک مقدس اور باوقار ادارہ ہے، جہاں تمام ارکان کو ایک دوسرے کے احترام اور پارلیمانی روایات کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے، تاہم اختلاف رائے کو ذاتی حملوں یا نازیبا الفاظ تک نہیں پہنچنا چاہیے۔ ارکان اسمبلی پر لازم ہے کہ وہ ایوان کے وقار، خواتین ارکان کے احترام اور پارلیمانی اقدار کو مقدم رکھیں۔صوبائی وزیر داخلہ نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل صورتحال کا جائزہ لے کر ذمہ دار رکن کے خلاف اسمبلی کے قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے اور ایوان کا ماحول برقرار رہے۔

خواتین ارکان اسمبلی کو ایوان میں اظہارِ خیال اور سیاسی سرگرمیوں کے دوران باعزت اور محفوظ ماحول فراہم کرنا تمام ارکان کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔میر ضیا اللہ لانگو نے واضح کیا کہ بلوچستان اسمبلی میں سیاسی اختلافات کو ذاتی نوعیت کے تنازعات میں تبدیل کرنے کے بجائے مسائل پر سنجیدہ اور باوقار بحث ہونی چاہیے، تاکہ عوامی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز رکھی جاسکے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.